Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے کپتان راشد خان نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

راشد خان نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں چار وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو 8 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
منگل کو سینٹ ونسیںٹ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس کے تحت افغانستان کی جانب سے دیے گئے 19 اوورز میں 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری بنگلہ دیشی ٹیم 17.5 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں جیت کے بعد افغانستان نے پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
اس ورلڈ کپ میں جہاں افغانستان کی بطور ٹیم کارکردگی عمدہ رہی وہیں ٹیم کے کپتان راشد خان بھی کامیابی کے اس سفر میں انفرادی طور پر پیش پیش ہیں۔
راشد خان انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں 100 سے کم میچز کھیل کر 150 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
انہوں نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں چار وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا۔
راشد خان نے 92 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں اب تک 152 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔
ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں راشد خان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹِم ساؤتھی  واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک 150 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
ٹِم ساؤتھی نے یہ اعزاز 118 ٹی20 میچز میں اپنے نام کیا۔
خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو گیانا میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: