مریض کی صحت پر ٹیکنالوجیز کے اثرات پر جامع پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے کنگ سلمان آڈیٹوریم میں 27 سے 29 جون تک عالمی طبی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کانفرنس میں دنیا بھر سے آنے والے ڈاکٹرز، سرجنز اور نرسوں کے لیے 20 سے زیادہ انٹرایکٹو سائنسی میٹنگز، ڈسکشن سیشنز اور عالمی ماہرین کی طرف سے ورکشاپس ہوں گی۔
عالمی طبی کانفرنس میں دل اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے معیار زندگی اور صحت کو بہتر رکھنے کے لیے ٹیکنالوجیز کے اثرات پر جامع پروگرام پیش کئے جائیں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد کارڈیوتھوراسک اور کارڈیک سرجنز، انتہائی نگہداشت کے معالجین، انتہائی نگہداشت کی نرسوں اور سانس کے معالجین اور دل کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے پریکٹیشنرز کے درمیان روابط بڑھانا ہے۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے ڈاکٹروں کے خیالات اور تجربات کے تبادلے کی سہولت فراہم کی جائے گی جو بالآخر مملکت اور اس سے باہر طبی طریقوں اور مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری میں معاون ثابت ہوں گی۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر مسلسل دوسرے سال دنیا کے سرفہرست 250 تعلیمی طبی مراکز کی فہرست میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں پہلے اور عالمی سطح پر 20 ویں نمبر پر ہے۔
نیوز ویک میگزین نے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کو رواں سال دنیا کے بہترین 250 ہسپتالوں میں بھی شامل کیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں