’شوہر نہاتا نہیں ہے‘ مصری خاتون نے شادی کے پانچ سال بعد خلع لے لی
عدالت نے خاتون کا دعوی درست تسلیم کرتے ہوئے درخواست منظورکرلی ( فائل فوٹو)
مصر میں ایک خاتون نے شادی کے 5 برس بعد یہ کہتے ہوئے خلع لے لی کہ شوہر نہانے سے گریز کرتا ہے۔ اس کے جسم سے ہمیشہ بو آتی ہے جو برداشت نہیں ہوتی۔
عدالت نے خاتون کا دعوی درست تسلیم کرتے ہوئے علیحدگی کی درخواست منظور کرتے ہوئے خلع دے دی۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصری خاتون کی وکیل نے بتایا’ اگرچہ شادی کے بعد ان کے تین بچے بھی ہوگئے تھے اس کے باوجود شوہر نے خود کو درست کرنے کی کوشش نہیں کی اور اسی روش کو جاری رکھا‘۔
خاتون نے عدالت کو بتایا’ منگنی کے ابتدائی دنوں میں اگرچہ یہ انکشاف ہوا تھا کہ ہونے والا شوہر نہانے سے کتراتا ہے اور جسمانی صفائی کا خیال نہیں رکھتا۔ اس وقت یہ بات وہم و گمان میں بھی نہیں تھی کہ ہونے والے شوہر کی یہ عادت برسوں کی ہے’ ۔
’شادی کے بعد ایک عرصہ تک اس کی عادت کو برداشت کیا اور وقتا فوقتا اسے اچھے پرفیوم اور خوشبودار صابن لاکر دیے یہ سوچ کرکہ اس طرح وہ جسمانی صفائی کی جانب راغب ہوگا مگر کوئی ترکیب کارگرثابت نہ ہوئی‘۔
خاتون نے عدالت کو مزید بتایا ’ جب تمام حربے استعمال کرنے کے باوجود بھی شوہر نے نہانے کی عادت نہیں اپنائی تو اس سے علیحدگی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور ہوگئی‘۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا ’ شوہر نے جو وجہ بتائی وہ ناقابل یقین تھی اس نے بتایا اسے پانی سے الرجی ہے اس لیے وہ نہا نہیں سکتا‘۔
عدالت میں خاتون نے شوہر کے ساتھیوں کے حوالے سے بھی بتایا کہ شوہر کے جسم سے اٹھنے والی بو سے ہر کوئی اس سے دور رہتا ہے۔
عدالت نے حالات کا جائزہ لینے کے بعد خاتون کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے اس کی خلع کی درخواست کو منظورکرتے ہوئے ان کے مابین علیحدگی کرا دی۔