اکرام تنظیم کے ’فوڈ بینک‘ پروگرام کے تحت 8 سو کلو خوراک کی تقسیم
اکرام تنظیم کے ’فوڈ بینک‘ پروگرام کے تحت 8 سو کلو خوراک کی تقسیم
پیر 1 جولائی 2024 14:21
فائیو اسٹار ہوٹلوں اور کیٹرنگ سروس سے اضافی کھانا وصول کیا جاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کی فلاحی تنظیم ’اکرام‘ کے ’فوڈ بینک‘ پروگرام کے تحت حج سیزن میں 800 کلو گرام سے زائد بچ جانے والی خوراک کو پیک کرکے ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے ڈائریکٹر احمد حربی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں داخلی حجاج کو کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والےاداروں کے علاوہ فائیو اسٹار ہوٹلز کی انتظامیہ سے اضافی خوراک کے حوالے سے کیے گئے معاہدے پر نجی اداروں کے تعاون سے عمل کیا گیا۔
ہوٹلوں اور کیٹرنگ سروسز کے پاس غیراستعمال شدہ اضافی کھانے فلاحی تنظیم کے کارکنان کے حوالے کیے جاتے ہیں جنہیں مخصوص گاڑیوں کے ذریعے تنظیم کے کچن میں منتقل کیا جاتا ہے۔
الحربی کا مزید کہنا تھا کہ کچن میں موجود اہلکار اضافی خوراک کو وصول کرکے انہیں پیک کرتے ہیں بعدازاں فوری طورپر مخصوص گاڑیوں کے ذریعے خوراک کے پیکٹس کو مختلف مقامات پرارسال کیاجاتا ہے جہاں وہ لوگوں میں تقسیم کردی جاتی ہیں۔
تنظیم کے ڈائریکٹر الحربی کا مزید کہنا تھا کہ حج سیزن میں جو اضافی خوراک وصول کرکے انہیں تقسیم کیا گیا اس کی مالیت تقریبا 19 لاکھ ریال تھی۔
واضح رہے فلاحی تنظیم ’اکرام‘ نے مکہ مکرمہ کے مرکزیہ کے علاقے میں موجود فائیو اسٹار ہوٹلز اور معروف کیٹرنگ سروسز کے ساتھ معاہدے کیے ہیں جن کے تحت ہوٹلوں میں لگائے جانے والے بوفے میں بچ جانے والے کھانوں کو ضایع کرنے کے بجائے انہیں تنظیم کے حوالے کردیا جاتا ہے۔
فوڈ بینک پروگرام کے تحت کھانوں کو وصول کرکے تنظیم کے مرکزی کچن میں پہنچا دیا جاتا ہے جہاں موجود کارکن ہرقسم کے کھانوں کو جدا جدا پیک کرتے ہیں انہیں مخصوص ٹرالیوں میں اسٹور کیا جاتا ہے تاکہ وہ گرم اور تازہ رہیں بعدازاں انہیں ضرورت مندوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔
الحربی کا کہنا تھا کہ حج سیزن میں جو خوراک وصول کرکے تقسیم کی گئی ان میں گوشت، مرغی، پلاو، پھل ، سبزیوں کے سالن ، سلاد ، کسٹرڈ ، کھیر ، بیکری کی مصنوعات ، کولڈ ڈرنکس وغیرہ شامل تھیں۔