Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کا سعودی درخواست پر جڑے ہوئے بچوں کا عالمی دن منانے کا اعلان

سعودی مندوب نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں قرار دارد کا مسودہ پیش کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ نے سعودی عرب کی درخواست پر 24 نومبر کو جڑے ہوئے بچوں کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ دن ہر سال سعودی عرب کی جانب سے بحرین، مراکش، قطر اور یمن کے تعاون سے تجویز کردہ اقدام کے بعد منایا جائے گا۔
اس دن کا مقصد جڑے ہوئے بچوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ان بچوں کو جدا کرنے کی سرجری کے شعبے میں کامیابیوں کی ستائش کرنا ہے۔
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبدالعزیز الواصل نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں قرار دارد کا مسودہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس قرار داد کا مقصد جڑے ہوئے بچوں کی زندگی کے مختلف مراحل کے بارے میں آگاہی  بڑھانا ہے۔ انہوں نے ان بچوں کو جدا کرنے کے حوالے سے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا بھی ذکر کیا۔
1990 میں اس پروگرام کے آغاز کے بعد سے اب تک دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے جڑے ہوئے بچوں کے تقریبا 136 آپریشن کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے اخراجات مکمل طور پر سعودی حکومت کی طرف سے سپانسر کیے جاتے ہیں۔
سعودی مندوب نے جڑے ہوئے بچوں کی فلاح وبہبود اور کواٹی ہیلتھ کیئر تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے قرار داد کے مسودے اور بات چیت کے مراحل میں تعاون پر یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

شیئر: