Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون سی ایئرلائنز سب سے زیادہ مسافروں کا سامان گم کرتی ہیں؟

سپین کی ایئرلائن آبیریا نے گزشتہ ایک ماہ میں 20 ہزار سے زائد بیگ گمائے (فوٹو: روئٹرز)
ایئرپورٹ پر سامان گم ہو جانا کوئی بڑی یا نئی بات نہیں ہے لیکن حالیہ دنوں میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی گرل فرینڈ کا سامان ایئرپورٹ پر گم ہو جانے پر ایک ایسی ویب سائٹ بنا ڈالی جہاں سب سے زیادہ سامان گمانے والی ایئرلائنز کا ڈیٹا موجود ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پیٹر لیولز کروڑ پتی ڈیولپر ہیں انہوں نے لاگیج لوزرز نامی ایک ایسی ویب سائٹ بنائی ہے جہاں سامان گم کرنے والی ایئرلائنز کی رینکنگ دیکھی جا سکتی ہے۔
پیٹر لیولز نے ویب سائٹ بنانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتے قبل سپین کی ایئرلائن ویولنگ نے اُن کی گرل فرینڈ کا سامان گمایا جو ابھی تک نہیں ملا۔
ویب سائٹ لاگیج لوزرز کے مطابق ’ایئر انڈیا‘ کا شمار دنیا میں سے سب سے زیادہ سامان گمانے والی ایئر لائنز میں ہوتا ہے۔
ایئر انڈیا نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 51 ہزار سے زائد بیگ گمائے ہیں۔
ایئر انڈیا کو استعمال کرنے والے 35 میں سے ایک مسافر کے بیگ کے گمنے کا امکان ہے۔
اسی طرح اس فہرست میں دوسرا نمبر کینیڈین ایئرلائن ویسٹ جیٹ کا ہے۔
ویسٹ جیٹ نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 46 ہزار سے زائد بیگ گمائے۔ اس ایئرلائن پر 41 میں سے ایک مسافر کا بیگ گم ہو جانے کا امکان ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق سب سے زیادہ بیگ گمانے والی ایئرلائنز میں تیسرا نمبر آئرلینڈ کی ایئرلائن آئر لِنگس کا ہے۔
پچھلے 30 دنوں میں اس ایئرلائن نے 16 ہزار سے زائد بیگ گم کیے۔
اس فہرست میں چوتھا نمبر برطانوی ایئرلائن برٹش ایئرویز کا ہے۔
برٹش ایئرویز نے گزشتہ ایک مہینے میں 74 ہزار 467 بیگ گمائے تاہم اس ایئرلائن میں 55 میں سے ایک مسافر کا سامان گمنے کا امکان ہے۔
رینکنگ میں پانچویں نمبر پر سپین کی ایئرلائن آبیریا ہے جس نے گزشتہ ایک ماہ میں 20 ہزار سے زائد بیگ گمائے۔

شیئر: