Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرینگر سے تعلق رکھنے والی انڈین اداکارہ حنا خان نے بیماری کے باعث بال کٹوا دیے

حنا خان نے 28 جون کو انسٹاگرام پوسٹ میں چھاتی کے کینسر کا شکار ہونے کا بتایا (فوٹو: انسٹاگرام، سکرین گریب)
سری نگر سے تعلق رکھنے والی انڈین ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے کیمیوتھراپی سیشن سے قبل بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جمعرات کو حنا خان نے ایک نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں کینسر کے علاج کے لیے اپنے خوبصورت اور گھنے بال کٹواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ان کی والدہ کو روتے ہوئے سُنا جا سکتا ہے جو بیماری کی وجہ سے بیٹی کے بال کٹنے پر غم کا اظہار کر رہی ہیں جبکہ ویڈیو کے مطابق آئنے کے سامنے براجمان حنا خان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بسم اللہ پڑھ کر اپنے ہاتھوں سے کٹنگ کا آغاز کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کے چہرے پر مسکراہٹ ہے اور انہوں نے پُرسکون انداز سے بال کٹوائے لیکن آخر میں ان کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں. کٹنگ کے بعد اداکارہ کی والدہ نے انہیں گلے سے لگایا۔
حنا خان نے اس ویڈیو پوسٹ کے ساتھ ایک طویل تحریر بھی لکھی، جس میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ ویڈیو کے پس منظر میں میری والدہ کو روتے ہوئے مجھے کشمیری زبان میں دعائیں دینے کی آواز سُن سکتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اُن کی بیٹی کبھی ایسی تکلیف میں مبتلا ہوسکتی ہے۔ دل دہلا دینے والے جذبات کو سنبھالنے کے لیے ہم سب کے پاس ایک جیسے اعصاب نہیں ہوتے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@realhinakhan)

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ ویڈیو بالعموم ان تمام لوگوں کے لیے اور بالخصوص ان خواتین کے لیے ہے جو کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں، میں جانتی ہوں کہ بال کٹوانا بہت مشکل عمل ہوتا ہے کیونکہ بالوں سے ہی انسان کی شخصیت سنورتی ہے لیکن اگر آپ کو اتنی مشکل ترین جنگ کا سامنا ہو تو آپ کو اپنے بال کھونا پڑتے ہیں۔ اگر آپ کینسر سے یہ جنگ جیتنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو کچھ سخت فیصلے لینا ہوں گے۔‘
حنا خان نے نوٹ میں مزید کہا ہے کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی، میرا اصل تاج میرے بال نہیں بلکہ میری ہمت، میری طاقت اور میرا حوصلہ ہے۔‘
’اس سے پہلے کہ میرے بال گرنا شروع ہوتے اور ان کی وجہ سے ہفتوں تک میں ذہنی تناؤ کا شکار رہتی سو میں نے اپنے بالوں کو کاٹنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ میرا اصل تاج میرا حوصلہ ہے۔‘
حنا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں اپنے بالوں کو اچھی وِگ بنانے کے لیے استعمال کروں گی، مجھے معلوم ہے کہ مکمل صحت یابی کے بعد، میرے بال واپس اُگ جائیں گے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’میں اپنی کہانی اور کینسر کے علاج کے اپنے سفر کو ریکارڈ کررہی ہوں تاکہ میری وجہ سے ہر مریض کو ہمت اور حوصلہ مل سکے، براہِ کرم میرے لیے دعا کیجیے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@realhinakhan)

حنا خان کا مزید کہنا تھا کہ ’بال واپس بڑھیں گے ۔ ابرو واپس آجائیں گے، زخم بھی مٹ جائیں گے لیکن روح اس سفر میں تروتازہ رہنی چاہیے۔ میں اپنی کہانی اس وجہ سے بھی ریکارڈ کر رہی ہوں تاکہ سب کو معلوم ہو سکے کہ خود کو بچانے کے لیے میں ہر حد تک گئی اور اگر اس کہانی سے کسی ایک کو بھی حوصلہ ملتا ہے تو یہ میرے لیے بڑی بات ہوگی۔‘
اس سے قبل حنا خان نے 28 جون کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔

شیئر: