عسیر میں ہم وطن کے قاتل یمنی کو سزائے موت
جمعرات 4 جولائی 2024 19:30
یمنی شہری قتل کرکے فرار ہوگیا تھا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عسیر ریجن میں ایک یمنی کو اپنے ہموطن کو قتل کرنے پر جمعرات کو سزائے موت دے دی گئی۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں بتایا گیا کہ یمنی شہری عبدالرحمن احمد علی الحبجی نے اپنے ہم وطن عبدالناصر علی محمد عوض کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کردیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق یمنی شہری عبدالرحمن احمد علی الحبجی قتل کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے بعدازاں سیکیورٹی فورس کی ٹیموں نے تلاش کرلیا اور ملزم کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اقبال جرم اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے قصاص کا حکم صادر کردیا۔
قانون کے مطابق ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اپیل رد ہونے پر سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو ہی برقرار رکھا۔ آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا جس پر وزارت داخلہ نے جمعرات کو عمل درآمد کرادیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں