سعودی امدادی ایجنسی کی لبنان اور انڈونیشیا میں امدادی سرگرمیاں جاری
اتوار 7 جولائی 2024 20:17
الامل چیئرٹیبل بیکری منصوبے پر بھی عملدرآمد جاری رکھا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی لبنان اور انڈونیشیا میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی امدادی ایجنسی نے لنبان میں اپنے چوتھے مرحلے میں عکار اور المنیہ کے علاقوں میں الامل چیئرٹیبل بیکری منصوبے پر عملدرآمد جاری رکھا۔
ایک ہفتے کے دوران اس منصوبے کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں روٹی کے ڈیڑھ لاکھ پیکٹ تقسیم کیے گئے جس سے شامی، فلسطینی اور شمالی لبنان میں مقامی کمیونٹی سمیت ایک لاکھ 25 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز نے المنیہ کے علاقے میں سبل السلام سوشل ایسوسی ایشن کی ایمبولینس سروس کےلیے بھی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
پچھلے ہفتے کے دوران ایمبولینس سروس نے 62 ہنگامی خدمات انجام دیں جن میں مریضوں کی ہسپتال منتقلی اور ٹریفک حادثات کے متاثرین کی مدد کرنا شامل ہے۔
یہ مدد ایک منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد پناہ گزنیوں کے کیمپوں سمیت لبنان میں ایمبولینس سروس کی خدمات کو بڑھانا ہے۔
علاوہ ازیں انڈونیشیا میں شاہ سلمان مرکز نے 24 جون سے یکم جولائی تک بچوں کے دل کی سرجری کےلیے ایک رضا کارانہ طبی منصوبہ مکمل کیا ہے۔
اس منصوبے میں مختلف طبی شعبوں میں مہارت رکھنے والے 27 رضا کار شامل تھے، جنہوں نے 25 اوپن ہارٹ سرجریز کیں۔