ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین گرفتار
ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین گرفتار
ہفتہ 13 جولائی 2024 14:05
غیرقانونی مملکت سے باہر جانے کی کوشش کرنے پر 49 افراد کو حراست میں لیا گیا(فوٹو، ایکس)
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے غیرقانونی تارکین کے خلاف مہم جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے جن تارکین کو گرفتار کیا ان میں سے 12 ہزار سے زائد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 5 ہزار سرحدی قانون کے خلاف ورزی کرتے ہوئے مملکت میں داخل ہوئے اور 3 ہزار سے زائد تارکین کو محنت قوانین پرعمل نہ کرنے پرحراست میں لیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرحدی نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 42 فیصد یمنی شہری جبکہ 57 فیصد ایتھوپین اور ایک فیصد دیگر قومیتوں کے افراد شامل تھے۔ مملکت کی مختلف بری سرحدوں کو غیرقانونی طریقے سے عبور کرکے بیرون مملکت جانے کی کوشش پر49 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
غیرقانونی افراد کو قیام و نقل وحمل کی سہولت فراہم دینے الزام میں 16 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ مذکورہ افراد پڑوسی ملک سے غیرقانونی طورپر مملکت کی سرحد عبور کرکےآنے والوں کو اپنی گاڑیوں کے ذریعے مختلف شہروں میں لے جاتے تھے جو قانونی طور پرسنگین جرم ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ 9 ہزار 400 سے زائد غیرقانونی تارکین کا کیس انکے ملکوں کے سفارتخانوں کے حوالے کیا ہے تاکہ وہاں سے انکے لیے سفری دستاویزات حاصل کر کے ان کے ملکوں کو روانہ کیا جاسکے۔