Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی، چیئرمین پی سی بی

محسن نقوی نے کہا کہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ فٹنس اور پرفارمنس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا۔
پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کرکٹ ٹیمز کے کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر دیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تین ماہ بعد ٹیم کے ہر کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ لازمی کیا جائے گا اور معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو لازماً ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی۔
محسن نقوی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت ایک برس کے لیے ہو گی جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کار کے تحت ہو گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی۔
’ٹیم کے اندر اتحاد اور اتفاق نظر آنا چاہیے۔ گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی بھی کھلاڑی کے بارے میں میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔‘

شیئر: