کینسر کا سامنا کرنے والی حنا خان نے دوبارہ اپنے کام کا آغاز کر دیا
حنا خان نے کینسر کے علاج کی وجہ سے اپنے بال کٹوا دیے تھے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر سے تعلق رکھنے والی انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے کینسر کی تشخیص کے بعد دوبارہ اپنے پیشہ وارانہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔
حال ہی میں تیسرے درجے کے چھاتی کے کینسر کا نشانہ بننے والی اداکارہ حنا خان نے سماجی رابطوں کے معروف ایپ انسٹاگرام پر ’کیمیو تھراپی‘ کے پہلے سیشن کے بعد اپنے پیشہ ورانہ کام کے متعلق پہلی مرتبہ ریل شیئر کی ہے جس میں انہیں شوٹ سے قبل تیار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ اس ویڈیو میں ’کیمیو تھراپی‘ کے سیشن کے بعد اپنے پہلے فوٹو شوٹ کی تیاری کے متعلق بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’یہ کیمیو تھراپی کے سیشن کے بعد میرا پہلا فوٹو شوٹ ہے اور ٹانکوں کو چھپائے جانے کی بھرپور کوشش جاری ہے، ہر ایک انہیں چھپانے کے لیے اپنی اپنی کوشش میں لگا ہوا ہے۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتی ہوئے مزید کہتی ہیں کہ ’میں نے سر پر وگ ڈال دی ہے۔ یہ (ٹانکا) تھوڑا سا دکھ رہا ہے لیکن اسے چھپائے جانے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے۔‘
انہیں مزید یہ کہتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ’کچھ ہی دیر میں ہمارا پہلا شوٹ شروع ہو جائے گا، اور ہمیں امید ہے کہ سب اچھے سے ہو جائے گا۔ یہ جنگ جاری رہے گی، شوٹس اسی طرح سے ہوتے رہیں گے اور آخر میں فتح ہماری ہی ہو گی۔‘
اس ریل کے ساتھ اداکارہ حنا خان نے ایک ایک کیپشن بھی شیئر کیا ہے جس کی شروعات کچھ یوں ہوتی ہے کہ ’زندگی کا سفر بہت دشوار ہو جاتا ہے، خاص طور پر آپ جب زندگی کے سب سے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہوں۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتی ہوئے کہتی ہیں کہ ’اپنے آپ کو برے دنوں میں ایک بریک دیں، یہ ٹھیک ہے آپ اس کے مستحق ہیں، تاہم اپنی زندگی کو اچھے دنوں پر گزارنا نہ بھولیں، چاہے وہ کتنے ہی کم کیوں نہ ہوں، یہ دن اب بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ تبدیلی کو قبول کریں، فرق کو قبول کریں، اور اس کیفیت کو معمول کا حصہ بنائیں۔‘
وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’میں اچھے دنوں کی منتظر ہوں کیونکہ میں وہ کام کرتی ہوں جو مجھے پسند ہے یعنی کہ کام، مجھے اپنے کام سے محبت ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں اپنا کام کر رہی ہوتی ہوں تو میں اپنے خوابوں کو جیتی ہوں اور یہی میری سب سے بڑی امید ہے۔‘
’میں اپنا کام جاری رکھنا چاہتی ہوں، بہت سے لوگ اپنے علاج کے دوران بغیر کسی مسئلے کے باقاعدہ کام کرتے ہیں، اور میں ان سے مختلف نہیں ہوں۔‘
‘میں انہی دنوں کچھ افراد سے ملی ہوں اور یقین جانیے انہوں نے میرا نقطہ نظر بدل دیا ہے۔ میرا علاج جاری ہے لیکن میں مستقل ہسپتال میں نہیں رہ سکتی۔‘
حنا خان کہتی ہیں کہ ’سو سب لوگوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آئیے سب مل کر کام کو معمول بناتے ہیں۔ اگر آپ میں ہمت اور جذبہ ہے تو وہی کیجیے جو آپ کو خوشی دیتا ہے یا جو آپ کو پسند ہے۔‘
واضح رہے کہ حنا خان کچھ عرصہ قبل بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی تھیں اور انہوں اس خبر کا اعلان خود کیا تھا جبکہ ’کیمیو تھراپی‘ کے پہلے سیشن سے پہلےانہوں نے اپنے بال بھی کٹوا دیے تھے۔