Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے آر رحمان نے مائیکل جیکسن سے ملاقات کے لیے کیا شرط رکھی تھی؟

اے آر رحمان اور مائیکل جیکسن کی ملاقت سنہ 2009 میں ہوئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
اے آر رحمان نے ملائشیا میں مداحوں کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات کے دوران یہ دعوی کیا ہے کہ آنجہانی مائیکل جیکسن رجنی کانت کی فلم میں گانا گانے کے لیے تیار تھے۔
معروف میوزک ڈائریکٹر اور کمپوزر اے آر رحمان نے 2009 میں عاالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کی موت سے پہلے ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پیر کو ’فری ملائشیا ٹوڈے‘ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اے آر رحمان کو کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کے ساتھ ملاقات کے بارے میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اے رحمان بتاتے ہیں کہ ’سنہ2009 میں وہ امریکی شہر لاس اینجلس میں ٹھہرے ہوئے تھے تو اسی دوران ایک جاننے والے کے توسط سے انہوں نے مائیکل جیکسن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
سو مائیکل جیکسن کو ملاقات کا وقت طے کرنے کے لیے ایک ای میل کی گئی لیکن اس کا ایک ہفتہ بھر کوئی جواب نہ آیا۔
اسی دوران اے آر رحمان کے سلم ڈاگ فلم کے گانے ’جے ہو‘ کو آسکرز کے نامزد کیا گیا تو مائیکل جیکسن کی ٹیم کی جانب سے اے آر رحمان سے رابطہ کیا گیا کہ وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں۔

’تو میں نے ان کی ٹیم کو جواب دیا کہ میں ان سے اس وقت نہیں مل سکتا‘ اے آر رحمان (فائل فوٹو)

’’تو میں نے ان کی ٹیم کو جواب دیا کہ میں ان سے اس وقت نہیں مل سکتا، میں مائیکل جیکسن سے تب ہی ملوں گا جب میں آسکرز جیت لوں۔‘
اے آر رحمان اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید بتاتے ہیں کہ ’پھر جب میں نے آسکرز جیت لیا تو وہ کیفیت وہ احساس دنیا کا زبرست ترین احساس تھا۔‘
’اس کے بعد آسکرز جیت لینے کے دوسرے روز ہی میں مائیکل جیکسن سے لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر میں ملا۔ وہ بہت مہرباں تھے، ہم نے موسیقی اور دنیا کے امن کے متعلق بات چیت کی۔‘
اے آر رحمان کے مطابق ’انہوں نے مجھے کہا ہم آئندہ کا ’وی آر دی ورلڈ‘ ایک ساتھ کیوں نہ کریں اور مجھے اپنے بچوں سے بھی ملوایا۔ انہوں نے حتی کہ مجھے یہ بھی بتایا کہ وہ دل لگا کر کیسے ناچاتے ہیں؟‘
اے آر رحمان جب واپس انڈیا پہنچے تو انہوں نے مائیکل جیکسن سے ملاقات کا سارا ماجرا فلم ڈائریکٹر شنکر کو سنایا۔

’شنکر سر نے مجھ سے پوچھا کہ مائیکل جیکسن کو فلم کے لیے سائن کرنا کیسا رہے گا‘ اے آر رحمان (فوٹو:سوشل میڈیا، سکرین گریب)

’شنکر نے تجویز کیا کیون نہ ’ایتھرن‘ کے گانے کے لیے مائیکل جیکسن سے بات کی جائے؟
اے آر رحمان کے مطابق ’شنکر سر نے مجھ سے پوچھا کہ مائیکل جیکسن کو فلم کے لیے سائن کرنا کیسا رہے گا؟ میں نے کہا، واہ بہت زبردست،  کیا وہ تمل گانا گائے گا؟
شنکر نے جواب دیا کہ آپ جو بھی کہیں گے، ہم مل کر کرلیں گے۔ لیکن بدقسمتی سے ایسا کچھ ممکن نہ ہو سکا اور مائیکل اسی سال جون میں وفات پا گئے۔‘
’ایتھرن‘ کے اصل گانے میں کسی عالمی سنگر نے پرفارم تو نہیں کیا لیکن یہ ایک مشہور گانا تھا۔ اس کے بعد 2018 میں فلم کا سیکول 2.0 جب بنایا گیا تو اس کا میوزک بھی اے آر رحمان نے بنایا۔

شیئر: