Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسقط میں فائرنگ سے مرنے والے 9 ہوگئے، تین حملہ آور بھی مارے گئے: عمانی پولیس

عمان نے خطے میں اپنی غیر جانبداری برقرار رکھی ہے (فوٹو: اخبار 24)
عمان کے دارالحکومت مسقط کےعلاقے وادی الکبیر میں مسجد کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ عمانی پولیس نے منگل کو کہا کہ تین حملہ آور بھی مارے گئے۔
اس سے قبل عمانی پولیس نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پیر کو فائرنگ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مسقط میں امریکی سفارتخانے نے فائرنگ کے واقعہ کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کرکے منگل کو ہونے والے تمام اپائنمنٹ منسوخ کردیے تھے۔
امریکی سفارتخانے نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’امریکی شہریوں کو محتاط رہنا چاہیے۔ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔‘
عمانی پولیس کا کہنا ہے ’حملے کے بعد صورتحال سے نمٹنے کےلیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے۔‘
اس سے قبل پاکستان کے دفتر خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں میں چار پاکستانی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’حملے میں زخمی ہونے والے 30 پاکستانی ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔‘
عمان میں سفارت خانے کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پاکستان کے سفیر عمران علی کو پاکستانیوں کی عیادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

حکومتی اعداد وشمار کے مطابق عمان کی آبادی میں چالیس فیصد سے زیادہ تارکین ہیں۔

علی عمران کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’پاکستانی کمیونٹی کے لیے میرا پیغام ہے کہ اس ہنگامی صورتحال میں وادی الکبیر کی طرف نہ جائیں کیونکہ اس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ‘
’اگر کسی کا رشتہ دار زخمی ہے تو برائے مہربانی صبر سے کام لیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا انہوں نے چار ہسپتالوں کا دورہ کیا ہے۔ ’ہسپتالوں میں جن زخمیوں سے میں ملا ہوں وہ بہتر حالت میں ہیں۔‘
پاکستان کے سفیر کا مزید کہنا تھا  جو لوگ گھروں میں ہیں وہ گھروں میں ہی رہیں اور وادی الکبیر کی طرف نہ جائے کیونکہ ہماری اطلاع کے مطابق وہاں ہنگامی صورتحال برقرار ہے۔‘
حکومتی اعداد وشمار کے مطابق عمان کی آبادی 40 لاکھ سے زیادہ ہے جن میں چالیس فیصد سے زیادہ تارکین وطن ہیں۔
عمان نے خطے میں اپنی غیر جانبداری برقرار رکھی ہے۔ امریکہ اور ایران کے مابین تنازغات میں ثالثی کی ہے۔

شیئر: