Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں مسجد کے قریب ’دہشت گرد حملہ‘، چار پاکستانی جان سے گئے، 30 زخمی

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے 30 پاکستانی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں چار پاکستانی مارے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حملہ عمانی دارالحکومت کے علاقے وادی الکبیر میں اہل تشیع مکتبہ فکر کی مسجد میں ہوا۔
رائل عمانی پولیس نے مسجد پر حملے کی تصدیق کی ہے تاہم کوئی تفصیل فراہم نہیں کی کہ اس حملے کے پیچھے کون ہیں؟
عمان مشرق وسطیٰ کے نہایت مستحکم ممالک میں شامل ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’عمانی حکام سے موصولہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چار پاکستانی وادی الکبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے 30 پاکستانی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
عمان میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پاکستان کے سفیر عمران علی کو پاکستانیوں کی عیادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
علی عمران کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’پاکستانی کمیونٹی کے لیے میرا پیغام ہے کہ اس ہنگامی صورتحال میں وادی الکبیر کی طرف نہ جائیں کیونکہ اس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ‘
’اگر کسی کا رشتہ دار زخمی ہے تو برائے مہربانی صبر سے کام لیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے چار ہسپتالوں کا دورہ کیا ہے۔ ’ہسپتالوں میں جن زخمیوں سے میں ملا ہوں وہ بہتر حالت میں ہیں۔‘
پاکستان کے سفیر کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ گھروں میں ہیں وہ گھروں میں ہی رہیں اور وادی الکبیر کی طرف نہ جائے کیونکہ ہماری اطلاع کے مطابق وہاں ہنگامی صورتحال برقرار ہے۔‘
قبل ازیں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا  کہ نامعلوم  حملہ آوروں کی جانب سے مسجد پر حملہ پیر کو رات گیارہ بجے کیا گیا۔
’حکام نے علاقے سے لوگوں کو نکالا اور رات ڈھائی بجے آپریشن شروع کیا۔‘
’حملہ آوروں نے نمازیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔‘
عمان میں پاکستانی سفارت خانے کے فیس بک پیج کے مطابق خلعہ ہسپتال، ناہیدہ ہسپتال اور رائل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سفیر پاکستان علی عمران نے ان ہسپتالوں کا دورہ کیا۔‘
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عمان میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمانی حکام اور مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کی جلد وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے مسقط، عمان میں دہشت گرد حملے کی تازہ ترین صورتحال کے حوالہ سے جاری تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عمان میں امام بارگاہ علی بن ابی طالب پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے
وزیر خارجہ نے محرم کے مقدس مہینے میں دہشت گرد حملے اور مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔نائب وزیراعظم نے عمان میں پاکستان کے سفیر عمران علی سے ٹیلیفون پر بات بھی کی ہے۔

شیئر: