Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں گرمی کی شدید لہر، شہر میں 72 گھنٹوں کے دوران 250 سے زائد افراد ہلاک

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اکثر میتیں ان علاقوں سے لائی گئی ہیں جہاں گنجان آبادیاں ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک بار پھر سردخانوں میں میتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، شہر میں موجود فلاحی اداروں کے سردخانوں میں گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 250 سے زائد افراد کی میتیں لائی گئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق کراچی میں گذشتہ دو روز کے دوران ہیٹ سٹروک سے دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ گرمی کے باعث 49 افراد کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے اردو نیوز کو فراہم کی گئی معلومات کے مطابق کراچی شہر میں گذشتہ تین روز کے دوران سرد خانوں میں لائی جانے والی میتوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
کنٹرول روم انچارج محمد امین کے مطابق عام طور پر کراچی میں قائم تین سردخانوں میں 30 سے 35 میتیں لائی جاتی ہیں۔ 15 جولائی سے سردخانوں میں میتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔‘
’15 جولائی کو مختلف سردخانوں میں 67 میتیں لائی گئیں، 16 جولائی کو یہ تعداد 71 تھی جبکہ 17 جولائی کو 91 افراد کی میتیں سردخانے منتقل کی گئیں۔‘
اسی طرح ترجمان چھیپا محمد شاہد کے مطابق کراچی میں چھیپا ویلفیئر کے سرد خانوں میں بھی معمول سے زائد میتیں لائی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو روز کے دوران 22 لاوارث میتیں ان کے سردخانوں میں منتقل کی گئی ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے اہلکار کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی موت کی وجہ تو طبی ماہرین ہی بتا سکتے ہیں، تاہم اکثر میتیں ان علاقوں سے لائی گئی ہیں جہاں گنجان آبادیاں ہیں۔

کراچی میں گذشتہ تین روز سے سمندری ہواؤں کے بند ہونے سے شہر میں شدید گرمی کی لہر ہے (فائل فوٹو: اے پی)

کراچی میں گذشتہ تین روز سے سمندری ہواؤں کے بند ہونے سے شہر میں شدید گرمی کی لہر ہے۔ موجودہ صورت حال میں حکومت سندھ کے محکمہ صحت نے ایک بار پھر سب اچھے ہی کی نوید سنائی ہے۔
 شہر میں قائم ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سیلز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک شہر میں گرمی سے متاثرہ 49 افراد ہسپتال لائے گئے ہیں اور دو افراد ہیٹ سٹروک سے ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں 17 اور 18 جولائی کی درمیان شب ملکی تاریخ کی گرم ترین رات گزری ہے۔
اس دوران شہر میں رات کے وقت درجہ حرات 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، سمندری ہواؤں کی بندش سے شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔

شیئر: