سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش اور گردوغبار کا سلسلہ جاری
جمعہ 19 جولائی 2024 18:25
جمعے کو سب سے کم درجہ حرارت السودہ میں رہا۔ (فوٹو ایس پی اے)
موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ مملکت کے بعض علاقوں میں بارش جبکہ کہیں گردوغبار کا سلسلہ جمعے کو رات گئے تک جاری رہے گا۔
سبق نیوز کے مطابق قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے علاقے طائف، الکامل اورخلیص کے علاوہ الخرمہ اور المویہ میں گردو غبار کا سلسلہ جاری ہے۔
تربہ، رنیہ، الجموم، بحرہ، الشعیبہ، القنفذہ اور اللیث بھی جمعے کو رات 8 بجے تک گردو غبار کی لپیٹ میں رہیں گے ۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ نجران اورعسیر کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات نو بجے تک جاری رہے گا۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ کے نواحی علاقے بھی گردو غبار کی لپیٹ میں رہے جس کا سلسلہ رات آٹھ بجے تک جاری رہا۔ بدر اور ینبع میں موسم گرم رہے گا۔
قومی مرکز کامزید کہنا تھا کہ جمعے کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ الاحساء میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ السودہ میں رہا۔
ریاض، دمام، الخرج اور حفرالباطن میں 46، مدینہ منورہ، ینبع اور بریدہ میں 45، حائل اور العلا میں 44 جبکہ مکہ مکرمہ اور سکاکا میں 43، جدہ میں 40، ابہا میں 30 اور الباحہ میں 29 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں