Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ستاروں کی مہنگی ترین طلاقیں، سب سے زیادہ رقم کس کو ملی؟

ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا کی جوڑی کو بالی وڈ کی سب سے دلکش جوڑیوں میں سے ایک کہا جاتا تھا۔ (فائل فوٹو: ای ٹی آن لائن)
بالی وڈ فلم انڈسٹری میں جہاں کئی اداکاروں کی طلاقیں باہمی رضامندی سے ہوئیں وہیں بعض ایسی بھی تھیں جو اپنے تنازعات اور تصفیے میں شامل رقم کی وجہ سے سرخیوں کی زینت بنیں۔ ذیل میں ہم بالی وڈ کی مہنگی ترین طلاقوں کا بتا رہے ہیں۔

1: ریتک روشن اور سوزین خان

انڈین شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق بالی وڈ کے ’یونانی دیوتا‘ ریتک روشن اور سوزین خان جو مشہور انٹیریئر ڈیزائنر ہیں، بچپن کے دوست تھے اور سنہ 2000 میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ ان کی ازدواجی زندگی جو بظاہر شاندار دکھائی دیتی تھی، سنہ 2014 میں ختم ہو گئی۔
مبینہ طور پر ان کی طلاق کا تصفیہ بالی وڈ میں سب سے مہنگا تھا، جس میں ریتک نے سوزین کو تقریباً تین ارب 80 کروڑ انڈین روپے ادا کیے تھے۔ علیحدگی کے باوجود دونوں کے درمیان خوش گوار تعلق ہے اور وہ اپنے دونوں بیٹوں کی مشترکہ طور پر پرورش کر رہے ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Sussanne Khan (@suzkr)

2: کرشمہ کپور اور سنجے کپور

بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کرشمہ کپور کی سنہ 2003 میں کاروباری شخصیت سنجے کپور سے شادی ہوئی تھی، تاہم یہ شادی مشکلات کا شکار رہی اور سنہ 2014 میں ان کی طلاق ہو گئی۔
ان کی طلاق سے جُڑے واقعات خبروں میں رہے اور بعض رپورٹس کے مطابق سنجے نے کرشمہ کو 14 کروڑ انڈین روپے کے بانڈز، ممبئی میں ایک بڑا گھر اور بچوں کے لیے خطیر رقم دی۔

کرشمہ کپور کی سنہ 2003 میں کاروباری شخصیت سنجے کپور سے شادی ہوئی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)

3: سیف علی خان اور امریتا سنگھ

نواب آف پٹوڈی سیف علی خان نے عمر میں اپنے سے 12 برس بڑی امریتا سنگھ سے سنہ 1991 میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں، سارہ علی خان اور ابراہیم اور علی خان، تاہم ان شادی کے 13 برس بعد سنہ 2004 میں دونوں میں طلاق ہو گئی۔
سیف علی خان نے مبینہ طور پر امریتا کو پانچ کروڑ انڈین روپے ادا کیے، جس میں اس وقت ان کی کمائی کا ایک اہم حصہ شامل تھا، تاکہ ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے بیٹے کے بالغ ہونے تک ایک لاکھ روپے ماہانہ بھی ادا کرتے رہے۔

4: عامر خان اور رینہ دتا

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے سنہ 1986 میں رینہ دتا سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں لیکن سنہ 2002 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ ان کی طلاق کے حوالے سے زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آسکیں لیکن ذرائع کے مطابق عامر نے رینا کو تقریباً 50 کروڑ انڈین روپے دیے تھے تاکہ ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ رہے۔

عامر خان نے سنہ 1986 میں رینہ دتا سے شادی کی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)

5: ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا

اداکار، پرڈویوسر اور سلمان خان کے چھوٹے بھائی ارباز خان نے اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا سے 1998 میں شادی کی تھی۔ ان کی جوڑی کو بالی وڈ کی سب سے دلکش جوڑیوں میں سے ایک کہا جاتا تھا لیکن سنہ 2016 میں انہوں نے علیحدگی کا اعلان کیا اور یوں اگلے برس 2017 میں ان کی باضابطہ طلاق ہو گئی۔ رپورٹس کے مطابق ارباز نے ملائیکہ کو 10 سے 15 کروڑ انڈین روپے ادا کیے تھے۔

شیئر: