Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی اور شارجہ میں پرانے زیورات کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ میں 10.75 درھم اضافہ ہوا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی اور شارجہ میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران سونے کے مختلف قیراط کی فی گرام قیمتوں میں 7.5 سے 10.75 درھم تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ ہفتے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد سونے کی مختلف اشیا کی خریداری میں کمی واقع ہوئی جبکہ قیمت بڑھنے پر پرانے زیورات اور سونے کے بسکٹ فروخت کیے جانے لگے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں کاروبار کرنے والی مختلف دکانوں اور جیولرز شوروم کے سیلز مینوں اور مینجرز کا کہنا ہے سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے لوگوں کو سونے کے زیورات، بسکٹ اور سکے فروخت کرنے کی ترغیب دی ہے۔ 
امارات کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ 10.75 درھم اضافے کے بعد 298.75 درھم، 22 قیراط کے نرخ 276.75 درھم رہے اس میں اضافہ 9.75 درھم کا ہوا۔
21 قیراط ایک گرام کے نرخ 8.75 درہم کے اضافے کے بعد 267.75 درہم ہو گئے جبکہ 18 قیراط پر ساڑھے سات درہم کا اضافہ ہوا اور اس کے فی گرام نرخ 229.5 درھم تک پہنچ گئے۔
ایک جیولرز شوروم کے سیلز مینجر کا کہنا ہے قیمتوں میں اضافے کا اثر نئے زیورات کی خریداری پر محدود حد تک رہا۔
ایک گولڈ شاپ کے سیلز مین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے پر پرانے زیورات کی فروخت بڑھی لیکن قیمتیں کم ہونے پر نئے زیورات، سونے کے بسکٹ اور سکے خریدے جاتے ہیں۔
ایک جیولری سٹور کے سیلز اہلکار کا کہنا ہے کہ پرانے زیورت اس لیے بھی مارکیٹ میں ان دنوں فروخت ہورہے ہیں کیونکہ یہ  ڈیزائن پرانے ہو چکے ہیں اور جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو نئے ڈیزائن کے زیورات خریدے جاتے ہیں۔
شوروم کے سیلز مینجر کا کہنا تھا کہ اس وقت  پرانے زیورات اور کم وزن والی سونے کی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں کیونکہ لوگوں کو آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: