Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: سونے کی قیمتیں بڑھنے پر چھوٹے سکوں کی خریداری میں اضافہ

پروموشنل سکیموں کے اثرات مارکیٹ میں خاص نظر نہیں آئے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آخر میں مختلف قیراط کے فی گرام سونے کی قیمتوں میں دو سے ڈھائی درھم کے درمیان اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس طرح دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں کم از کم دس درھم کا اضافہ ہو چکا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گولڈ بار اور زیورات فروخت کرنے والی دکانوں کے سیلز مینوں اور عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافے کا بازار پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے آنے والے سیاح اور چھٹی پر جانے والے غیرملکی احباب کے لیے سونے کے تحائف خرید رہے ہیں۔ اس وقت قیمتیں بڑھی ہوئی ہیں اس لیے زیادہ تر خریداری سونے کے چھوٹے سکوں پر مرکوز ہے۔
امارات میں ایک ہفتے کے دوران 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت میں 2 درھم کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 292 تک پہنچ گئی جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت میں 2.5 درھم کااضافہ ہوا اور قیمت 270.5 درھم تک آگئی۔ اسی طرح 21 قیراط پر ڈھائی درہم کا اضافہ ہوا اس کی قیمت 261.75، 18 قیراط کے سونے کی فی گرام قیمت میں دو درھم کا اضافہ ہوا اور قیمت 224.25 درھم تک پہنچ گئی۔
ایک جیولری سٹور کے مینجر نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو نوٹ کرتے ہوئے یہاں کے رہائشیوں اور سیاحوں میں سونے کے چھوٹے زیورات اورسکے خریدنے کا رجحان بڑھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قیمتیں بڑھنے پر کچھ سٹورز نے صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے پروموشنل سکیمیں شروع کیں مگر مارکیٹ پر اس کے اثرات خاص نظر نہیں آئے۔
ایک جیولری شاپ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد یہاں خریداری کا سلسلہ تو جاری ہے مگر چھوٹے اور کم وزن کے زیورات اور سکے کی طرف گاہکوں کا دھیان زیادہ ہے۔
ایک اور گولڈ شوروم کے سیلز اہلکار نے کہا کہ سیاحوں کی آمد سے مارکیٹ میں کچھ چہل پہل ہے۔ مارکیٹ میں خریداروں کے نئے رجحان کو دیکھتے ہوئے چھوٹے زیورات پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: