اردنی وزیر خارجہ کا سپین، ناروے اور برطانیہ کے ہم منصبوں سے رابطہ
اسرائیل کو غزہ میں جارحیت کو فوری طور پر روکنا ہوگا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے پیر کو سپین، ناروے اور برطانیہ کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق ایمن الصفدی نے مشرق وسطی میں کشیدگی میں ’خطرناک‘ اضافے اور حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے قتل کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ اردن نے ایران میں قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک جرم قرار دیا تھا جس سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ کا خطرہ ہے۔
ایمن الصفدی نے کہا ’ کشیدگی کم کرنے کے پہلے قدم کے طور پر اسرائیل کو غزہ میں جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا‘۔
انپوں نے خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافے کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا’ جب تک اسرائیل غزہ میں اپنی جنگ بند نہیں کرتا خطے کی سلامتی خطرے میں رہے گی‘۔
علاوہ ازیں ایمن الصفدی اور لنبانی وزیرخارجہ عبداللہ بو حبیب نے بھی پیر کو ٹیلی فون پر علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اردنی وزیر خارجہ نے لبنان کے استحکام، خود مختاری، اس کے شہریوں اور اداروں کے تحفظ کےلیے اردن کی سپورٹ کا اعادہ اور لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو مسترد کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اردنی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ علاقائی صورتحال پر بات چیت کے لیے تہران کا غیرمعمولی دورہ کیا تھا۔