انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیارڈ میں سعودی طلبہ کے چار ایوارڈ
اولمپیارڈ میں 14 ممالک کے 55 طلبہ نے شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبہ کی نیوکلیئر سائنس ٹیم نے فلپائن میں منعقدہ پہلے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیارڈ 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار ایوارڈ حاصل کیے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق 31 جولائی سے 7 اگست 2024 تک جاری رہنے والے اولمپیارڈ میں 14 ممالک کے 55 طلبہ نے شرکت کی۔
الشرقیہ ریجن محکمہ تعلیم کے طالبعلم محمد اکریکش نے سلور جبکہ الاحسا اور جدہ کے محکمہ تعلیم کی نمائندگی کرنے والے دیگر تین طلبہ حسن العوض، حلا العباد اور عزام العمری نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
تمام طالب علموں نے کنگ عبدالعزیزفاؤنڈیشن ’موھبہ‘ میں ٹریننگ حاصل کی۔
کنگ عبدالعزیزفاؤنڈیشن ’موھبہ‘ کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر آمال الھزاع نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ’ یہ کامیابی موھبہ، وزارت تعلیم اور دیگر معاون اداروں کی کوششوں اور تعاون کا نتیجہ ہے‘۔
انہوں نے طلبہ کے ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور علم پر مبنی مسابقتی معاشرے کی تعمیر کے لیے مملکت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا ’موھبہ‘ کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی میں صلاحیتوں کو بڑھانا، نئی نسل کو وژن 2030 میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا اور مقامی اور عالمی چیلنجوں کو حل کرنا ہے۔