Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: حسینہ واجد پہلی بار ایئربیس سے شاپنگ کے لیے باہر نکل آئیں، پیسے کم پڑگئے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ شیخ حسینہ نے خریداری کی ادائیگی انڈین روپے میں کی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش میں عوامی احتجاج کے باعث مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلی جانے والی شیخ حسینہ واجد ان دنوں انڈیا میں مقیم ہیں اور ان کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
بنگلہ دیشی اور انڈین ذرائع ابلاع کے مطابق شیخ حسینہ واجد کو برطانیہ اور یورپی ممالک نے سیاسی پناہ دینے سے گریز کیا ہے اس لیے وہ فی الحال انڈیا ہی میں مقیم ہیں۔
شیخ حسینہ واجد پیر پانچ اگست کو مستعفی ہو کر فوجی طیارے میں دہلی کے قریب غازی آباد کے ہندن ایئربیس پر اتری تھی۔
زی نیوز ہندی کے مطابق فوج نے شیخ حسینہ کو استعفیٰ دینے کے لیے صرف 45 منٹ کا وقت دیا تھا جس کے بعد انہوں نے عجلت میں اپنا استعفیٰ صدر محمد شہاب الدین کو پیش کر کے صرف چار سوٹ کیس اور دو بیگ لے کر اپنی جان بچانے کے لیے انڈیا بھاگ آئیں۔
انڈیا آنے کے بعد شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہیں شیخ ریحانہ اب تک غازی آباد کے ایئربیس کے قریب سیف ہاؤس میں مقیم ہیں۔
زی نیوز نے میڈیا رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈیا آمد کے بعد شیخ حسینہ پہلی بار جمعرات کو سیف ہاؤس سے باہر آئیں اور شاپنگ کرنے چلی گئیں۔
شیخ حسینہ اور ان کی بہن ریحانہ غازی آباد کے ہندن ایئربیس کے شاپنگ کمپلیکس سے کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء خریدیں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے تقریباً 30 ہزار روپے کی خریداری کی۔ 
رپورٹ کے مطابق سرکاری طور پر اس خریداری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کہہ رہے ہیں کہ شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہن کو جلد سیف ہاؤس سے دوسری جگہ شفٹ کیا جائے گا۔

حسینہ واجد کی شاپنگ کا خرچ کس نے ادا کیا؟

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ نے خریداری کی ادائیگی انڈین روپے میں کی۔
تاہم خریداری کے لیے جب پیسے کم پڑ گئے تو انہوں نے باقی رقم بنگلہ دیشی کرنسی میں ادا کی۔

انڈین فضائیہ کی میزبانی

شیخ حسینہ واجد کو انڈیا میں تین دن ہوگئے ہیں۔  اس وقت شیخ حسینہ اور ان کی بہن سیف ہاؤس میں انڈین فضائیہ کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
سیف ہاؤس میں بنگلہ دیش کے سابق وزیراعظم کی صحت کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایئربیس پر بھی انتظامات کیے گئے ہیں اور فضائیہ کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا معمول کا ہیلتھ چیک اپ کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، تاہم سرکاری طور پر شیخ حسینہ واجد اور ان کے انڈیا میں قیام کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے۔
ساتھ ہی شیخ حسینہ کے انڈیا چھوڑنے یا یہاں رہنے کے بارے میں بھی کوئی ٹھوس اطلاع سامنے نہیں آ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایئربیس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کمانڈوز تعینات ہیں۔

شیئر: