Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے اسماعیل ہنیہ کو قتل کرکے بڑی ’سٹریٹیجک غلطی‘ کی: ایران

علی بغیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کے ساتھ جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی بغیری کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو قتل کر کے ایک سنگین ’سٹریٹیجک غلطی‘ کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ کا جمعرات کو فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’تہران میں صہیونیوں کا عمل ایک سٹریٹیجک غلطی ہے جو کہ ان کو بہت مہنگی پڑے گی۔‘
علی بغیری کا سعودی شہر جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے  ایک دن بعد اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ اسرائیل ٹینشن، جنگ اور تنازع کو دوسرے ممالک تک پھیلانا چاہتا ہے۔
گوکہ اسرئیل نے باضابطہ طور پر حماس کے سربراہ کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ایران نے اس حملے کے جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ایران کے جوابی حملے کے عزم کے ساتھ خطے پر جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
علی بغیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کے ساتھ جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
’صیہونی اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔‘
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کہ ان کے پاس نہ اس کی گنجائش ہے اور نہ ہی طاقت۔
57 ممبران پر مشتمل او آئی سی کے وزارائے خارجہ کے اجلاس نے بدھ کو ایک علامیہ جاری کیا جس میں اسماعیل ہنیہ کو قتل کرنے کے ’بہیانک‘ جرم کے لیے اسرائیل کو مکمل ذمہ دار ٹھرایا گیا۔
اسماعیل ہنیہ قطر میں رہتے تھے اور غزہ جنگ ختم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کے ایک اہم کردار تھے۔

ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ تہران میں صہیونیوں کا عمل ایک سٹریٹیجک غلطی ہے جو کہ ان کو بہت مہنگی پڑے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

غزہ جنگ 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوگئی تھی جس میں تقریبا 12 سو اسرائیلی مارے گئے تھے۔
حماس کے ارکان نے 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بھی بنایا تھا جس میں سے 111 اب تک غزہ میں ہیں جن میں سے اسرائیلی فوج کے مطابق 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں میں اب تک 40 ہزار کے قریب فلسطینی مارے گئے ہیں جن میں غالب اکثریت خواتین اور بچوں کی ہیں۔
حماس کے لبنانی اتحادی حزب اللہ نے بھی اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہے۔

شیئر: