انہوں نے بتایا کہ ’سب کچھ تیار تھا، پھر ایک ماہ بعد آپ ویزہ منسوخ کر دیتے ہیں۔ میں نے برطانوی حکومت کو سب دستاویزات اور ضروری کاغذات جمع کرا دی تھیں۔‘
سنجے دت نے برطانوی حکومت کے اس اقدام پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیوں انہوں نے پہلے مجھے ویزہ دیا اور پھر اسے منسوخ کر دیا۔‘
’قوانین کا احساس کرنے میں انہیں ایک ماہ کا عرصہ کیوں لگا۔‘
سنجے دت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’بہرحال، اس وقت کون برطانیہ جانا چاہتا ہے؟ وہاں تو ہر طرف فسادات ہو رہے ہیں۔ انڈین حکومت نے بھی برطانیہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس لیے مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
انہوں نے کہا ’میں قانون کا پابند شہری ہوں۔ میں قانون کے مطابق چلتا ہوں اور ہر ملک کے قانون کا احترام کرتا ہوں۔‘
اب اس بات کا امکان ہے کہ 65 سالہ اداکار سنجے دت کا اس فلم میں خصوصی کردار باقی کاسٹ کی برطانیہ سے واپسی کے بعد انڈیا ہی میں شوٹ کیا جائے گا۔
دوسری جانب اکشے کمار کی فلم ‘ہاؤس فُل 5‘ کی کاسٹ میں بھی سنجے دت شامل ہیں۔
اس فلم کا زیادہ تر حصہ بھی برطانیہ ہی میں شوٹ ہو گا تاہم اس فلم کے پروڈیوسر ساجد نادیاوالا نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔
’ہاؤس فل 5‘ کے پروڈیوسر نے مبینہ طور پر اس فلم کے سنجے دت سے متعلق سین برطانیہ کے بجائے ممبئی ہی میں شوٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنجے دت کے خلاف ماضی میں اسلحے کے حصول کا ایک کیس دائر ہوا تھا جس کے بعد مبینہ طور پر ایک سے زائد مرتبہ ان کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔
آئندہ دنوں میں سنجے دت ایک تیلگو فلم ’ڈبل سمارٹ‘ میں جلوہ گر ہوں گے جس انڈیا کے یوم آزادی کے دن یعنی 15 اگست کو دو اور فلموں ’سٹریٹ 2‘ اور ’کھیل کھیل میں‘ کے ساتھ کی ریلیز ہو گی۔