Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالیہ بھٹ نے میرے لیے اونچی آواز میں بات کرنا چھوڑ دی: رنبیر کپور

رنبیر کپور نے کہا کہ اُن کی نسبت عالیہ بھٹ نے شادی کے بعد خود کو زیادہ بدلا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ نے شادی کے بعد انہیں پُرسکون رکھنے کے لیے اپنی اونچی آواز میں بات کرنے کے انداز کو بدلا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رنبیر کپور نے نکھل کامتھ کے یوٹیوب پوڈ کاسٹ پیپل بائے ڈبلیو ٹی ایف میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ جوان ہو رہے تھے تو اپنے والد رشی کپور کی بلند آواز میں بات چیت سے پریشان ہو جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی نسبت عالیہ بھٹ نے شادی کے بعد ان کے لیے خود کو زیادہ بدلا ہے۔
رنبیر کپور نے بتایا کہ ’وہ بہت تیز لہجے میں بات کیا کرتی تھیں۔ مجھے لگتا ہے کہ میرے والد کا لہجہ ہمیشہ سے مجھے پریشان کرتا تھا۔ تو انہوں (عالیہ بھٹ) نے اسے واقعی بدلنے کی کوشش کی۔ جب آپ اپنی زندگی کے 30 برس کسی خاص انداز میں بولتے گزار چکے ہوں تو یہ آسان نہیں ہوتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ فطری طور پر ردعمل دیتی ہیں اگر راہا (رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی) نیچے گر جائے۔ وہ مجھے پُرسکون رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتی رہتی ہیں۔‘
رنبیر کپور کہتے ہیں کہ ’مجھے اُمید ہے کہ میں بھی یہ کہہ سکوں کہ میں نے ان کے آرام و سکون کے لیے کچھ کیا لیکن ابھی تک مجھے نہیں لگتا کہ میں نے ایسا کچھ کیا ہے۔‘
رنبیر کپور نے اس حوالے سے بھی بات کی کہ کس طرح ان کے والد رشی کپور اور والدہ نیتو کپور کے درمیان لڑائی جھگڑے میں ان کے والد کی اونچی آواز نے انہیں ذہنی طور پر متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’عالیہ وہ انسان ہیں جن سے مل کر مجھے لگا کہ یہ خاص ہیں۔ ایک اداکارہ، ایک فنکار، ایک انسان، ایک بیٹی اور ایک بہن کے طور پر میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔ وہ میرے چہرے پر مسکراہٹ لاتی ہیں۔ مجھے ان کے پاس گھر جانا اچھا لگتا ہے۔‘
بالی وُڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ اُن کے شوہر رنبیر کو یہ بات پسند نہیں کہ وہ غصے میں بھی اونچی آواز میں بات کریں۔

رنبیر کپور نے بتایا کہ وہ بچپن میں اپنے والد رشی کپور کی بلند آواز میں بات چیت سے پریشان ہو جاتے تھے (فوٹو:اے ایف پی)

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پی او وی بالی وُڈ نامی ایک پیج کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں عالیہ بھٹ نے بتایا کیا کہ اُن کے شوہر رنبیر کپور چاہتے ہیں کہ غصے میں بھی اُن کی آواز اونچی نہ ہو اور انسان غصے میں بھی مہربان رہے۔
ویڈیو میں عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’میں اپنے غصے پر قابو پانے کی بہت مشکل سے کوشش کرتی ہوں کیونکہ میرے شوہر رنبیر کپور کو یہ بھی نہیں پسند کے میری آواز اِس سے بھی اوپر جائے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ غصے میں بھی مہربان رہنا بہت اہم ہے۔‘
یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی 14 اپریل 2022 میں ہوئی تھی۔
دونوں ستاروں کی شادی کی تقریب نجی رکھی گئی تھی جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی تھی۔
خیال رہے کہ دونوں میاں بیوی 2022 میں بڑے پردے پر اپنے فیملی فرینڈ آیان مکرجی کی فلم ’براہمسترا پارٹ ون: شیوا‘ میں بھی نظر آئے تھے۔
آئندہ سال وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ میں دوبارہ اکٹھے سکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

شیئر: