’اردن غزہ کے تنازع میں شامل نہیں ہوگا‘، شاہ عبداللہ کی امریکی وفد سے ملاقات
امریکہ اور اردن کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ (فوٹو: پیٹرا)
اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی سے اتوار کو الحسینیہ پیلس میں امریکی کانگریس کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔
شاہ عبداللہ ثانی نے وفد کو بتایا کہ ’اردن کو غزہ کے جاری تنازع میں شامل نہیں ہو گا اور وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دے گا‘۔
انہوں نے علاقائی استحکام کےلیے اردن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانے کےلیے فوری کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تنازع خطے کےلیے ایک اہم خطرہ ہے اور اسے وسیع تر جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کےلیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر انتہا پسند آباد کاروں کے حملوں، القدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کی خلاف ورزیوں کے خطرات کو اجاگر کیا۔
فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کےلیے پائیدار امن و سلامتی کے واحد راستے کے طور پر دو ریاستی فریم ورک پر مبنی سیاسی حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ ثانی نے فلسطینی پناہ گزینوں کےلیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی مسلسل سپورٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں امریکہ اور اردن کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ ایمن الصفدی، کنگ آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جعفر حسان اور وشنگٹن میں اردن کی سفیر دینا قعوار نے شرکت کی۔