الباحہ میں ’بن راقوش محل‘ ثقافتی ورثے کی تقریبات کا میزبان
الباحہ میں ’بن راقوش محل‘ ثقافتی ورثے کی تقریبات کا میزبان
بدھ 14 اگست 2024 19:26
تاریخی مقام قدیم ثقافت کے حوالے سے عالمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ فوٹو واس
الباحہ کے تاریخی بن راقوش محل میں سعودی ہیریٹیج کمیشن نے ہفتہ بھر کے لیے مختلف ثقافتی تقریبات کا اہمتام کیا جس میں کھجور ، موم اور لکڑی سے دستکاری کی نمائش کی گئی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 7 تا 13 اگست منعقد ہونے والے اس ایونٹ کی مختلف تقریبات میں مملکت کے شاندار ورثے کی منفرد شناخت کی عکاسی نظر آ رہی تھی۔
اس ایونٹ کا مقصد سیاحوں کو دستکاری کے شعبے سے رغبت دلانا اور ثقافتی اقدار کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ قدیم تاریخ کے بارے میں شعور پیدا کرنا تھا۔
بن راقوش محل میں ہونے والی تقریب میں لائٹ شو پیش کئے گئے جسے ہر عمر کے افراد نے بھرپور سراہا۔
تقریب کے شرکاء نے تھری ڈی شوز کے علاوہ عالمی ثقافتی ورثہ کی نمائش، ٹیکسٹائل، عربی خطاطی، باحہ کی دستکاریوں اور منفرد اشیاء کی تیاری میں حصہ لیا۔
باحہ کا بن راقوش محل کی تعمیر 1833 میں ہوئی اور یہ تاریخی مقام اپنی قدیم ثقافت کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی عالمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
یہ محل ایک مکمل رہائشی کمپلیکس کی طرح نظر آتا ہے جس میں منفرد خصوصیات کے حامل متعدد کمرے ہیں جن میں قبائلی انداز میں اجتماعی نشست گاہیں محفوظ ہیں۔
محل میں ایک قدیم مسجد کے ساتھ کنواں ہے اور آس پاس کا کچھ علاقہ اس میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں