Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیتن یاہو نے جنگ بندی کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی: انٹونی بلنکن

انٹونی بلنکن نے کہا کہ اگر حماس فلسطینی عوام کی پرواہ کرتی ہے تو وہ تجویز قبول کرے گی (فوٹو: اے پی)
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے انہیں غزہ میں جنگ بندی کی خاطر تحفظات دور کرنے کی امریکی تجویز پر اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے حماس پر زور دیا کہ وہ بھی اس تجویز کو قبول کرے۔
 فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’نیتن یاہو نے وعدہ کیا ہے کہ اسرائیل مصر اور قطر کی ثالثی میں رواں ہفتے دوبارہ شروع ہونے والے مذاکرات کے لیے ایک ٹیم بھیجے گا۔‘
انہوں نے تل ابیب میں صحافیوں کو بتایا کہ ’وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ آج ایک انتہائی تعمیری ملاقات میں انہوں نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے تجویز قبول کی ہے۔ وہ اس کی حمایت کرتا ہے۔ اب یہ حماس کے لیے ضروری ہے کہ وہ بھی ایسا کرے۔‘
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’میں حماس اور اس کی قیادت سے یہ کہوں گا کہ اگر وہ حقیقی طور پر فلسطینی عوام کی پرواہ کرتی ہے جیسا کہ وہ دعویٰ کرتی ہے، تو وہ اس معاہدے کے لیے ’ہاں‘ کہے گی اور اس پر عملدرآمد کے لیے واضح طور پر کام کرے گی۔‘
حماس نے ثالثوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مئی کے اواخر میں امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان کردہ فریم ورک پر عمل درآمد کریں۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’فلسطینیوں کے مصائب کو دور کرنے کا واحد تیز ترین، بہترین، مؤثر طریقہ اس معاہدے کو مکمل کرنا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ منگل کو مصر اور قطر کا سفر کریں گے اور ان دونوں عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جنہوں نے جنگ بندی کے منصوبے پر امریکہ کے ساتھ کام کیا ہے۔

شیئر: