Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ برداشت کر لیں تو 50 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے: وزیر توانائی

اویس لغاری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ برداشت کر کے 50 ارب روپے کی بچت کی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ’ہمیں 29 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو 50 ارب کا فائدہ ہوسکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بجلی کی پیداواری صلاحیت 45 ہزار نہیں بلکہ 29 ہزار میگاواٹ ہے، سارا سال ہر وقت بجلی کی طلب صرف 7 ہزار میگاواٹ ہے، پیک ڈیمانڈ 24 ہزار میگاواٹ ہے، سال میں صرف 85 گھنٹوں کی طلب کے لیے 1845 میگاواٹ بجلی سسٹم میں رکھنی پڑتی ہے اور اس پر 50 ارب روپے سالانہ خرچ ہوتے ہیں۔
وزیر توانائی نے کہا ’اگر 1845 میگاواٹ سسٹم میں نہ رکھیں تو ملک میں 85 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنی پڑے گی، 40 روز کے لیے دو دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو قومی خزانے کے 50 ارب روپے بچ سکتے ہیں، میں ان علاقوں کی بات کررہا ہوں جو لوڈشیڈنگ فری ہیں جہاں لائن لاسز نہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہے ہیں، اور ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باعث کپیسٹی پیمنٹ بڑھ کر 18 روپے ہو گئی ہے، بجلی کی اوسط قیمت 44 روپے فی یونٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی مہیا کر رہے ہیں جس کا بوجھ وفاقی حکومت اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے ملک میں صنعتیں بھی بند ہو رہی ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ کم آمدن والے صارفین  کو سستی بجلی دی جاتی ہے، جس کا بوجھ دوسرے صارفین اٹھا رہے ہیں۔
دوسری جانب اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ایک سے دو ماہ میں حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے خوش خبریاں سنائے گی جس سے عوام اور صنعت کاروں سب کا فائدہ ہوگا، حکومت اور خفیہ اداروں سمیت متعدد ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر صارفین نے وزیر توانائی کے بیانات پر ردعمل دیا ہے۔
محمد عثمان نے لکھا ’لغاری صاحب 24 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کر لیں فائدہ ہی فائدہ ہوگا۔‘

راجہ عمران نے اویس لغاری کا لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا ’کیسے کیسے لوگ ہیں یہاں‘

جہانگیر چوہدری نے لکھا کہ ’دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ سے 50 ارب کا فائدہ ہے، اگر لوڈ شیڈنگ 24 گھنٹے ہو جائے تو؟‘

عدنان راجہ نے لکھا ’ وزیر توانائی اویس لغاری کی انو کھی منطق،دو  گھنٹے لوڈ شیڈنگ سے 50 ارب کی بچت۔ بیمار، بزرگ، مزدور، بچے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے مار دو؟ دنیا سولر، پانی، ہوا سے بجلی پیدا کر رہی ہے اور ہم لوڈ شیڈنگ سے۔‘

 
 
 

شیئر: