Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کے 316 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے ساتھ سکور برابر کرنے کے لیے مزید 132رنز درکار ہیں (فوٹو: پی سی بی)
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 316 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 132 رنز درکار ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
جمعے کو راولپنڈی سٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 27 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ مہمان ٹیم کے اوپنر شادمان اسلام 93 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مومن الحق مشفق الرحیم اور لٹن داس نے نصف سنچریاں بنائیں۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے448 رنز کے تعاقب میں پاکستان کیخلاف محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا جو زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا۔
 بنگلہ دیش کو ابتدا میں ذاکر حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو کی وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، دونوں سلسلہ وار 12 اور 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد 31 کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ نے بنگلا دیش کے اوپنر ذاکر حسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان نجم الحسن شانتو خرم شہزاد کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
شادمان اسلام اور مومن الحق نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا سکور کھانے کے وقفے تک 134 رنز تک پہنچایا۔
کھانے کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مومن الحق 76 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ 147 رنز پر گرنے کے بعد اوپنر شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن چائے کے وقفے سے قبل شادمان اسلام 93 رنز پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد آل راوٴنڈر شکیب الحسن 15 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کھیل کے اختتام پر مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس52 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
بنگلا دیش ٹیم 316 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر کل دوبارہ کھیل کا آغاز کرے گی جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کو سکور برابر کرنے کے لیے مزید 132رنز درکار ہیں۔

دوسرے دن کا کھیل


محمد رضوان نے 241 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسرے دن کا آغاز سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے کیا اور دونوں بیٹرز دن کے پہلے اوور سے ہی مضبوط دکھائی دیے۔

محمد رضوان اور سعود شکیل نے لمبی اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی جس کے دوران بنگلہ دیشی بولرز بے بسی کی علامت بنے رہے۔

240 رنز کی اس شاندار شراکت کے دوران محمد رضوان اور سعود شکیل نے اپنی اپنی سینچریاں بھی مکمل کیں۔

سعود شکیل نے 261 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 141 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے 241 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہیں۔

شیئر: