Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرگودھا: واٹس ایپ گروپ میں جھگڑا، کمسن طالب علم نے دوسرے کو قتل کر دیا

پولیس کا کہنا ہے کہ معمولی تلخ کلامی پر قتل کے واقعے میں ملوث 14 سالہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ (فوٹو: ایکس)
 پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں پولیس کے مطابق دو کمسن دوستوں میں سوشل میڈیا پر جھگڑے کے بعد ایک نے دوسرے کو پستول سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق یہ جھگڑا آٹھویں کلاس کے دو  طالب علموں  کے درمیان ہوا۔ جس میں سے ایک نے  اپنے کلاس فیلو کو گولی مار کر قتل کیا۔ 
قتل کا یہ واقعہ سرگودھا شہر کے گنجان آباد علاقے ظفر کالونی میں پیش آیا ہے۔
سرگودھا اربن ایریا پولیس نے مقتول طالب علم کے والد کی درخواست پر اس کے مبینہ قاتل دوست اور والد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معمولی تلخ کلامی پر قتل کے واقعے میں ملوث 14 سالہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ 
قاتل اور مقتول دونوں آپس میں گہرے دوست تھے اور اٹھویں کلاس میں زیر تعلیم تھے۔
دونوں اکھٹے ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بناتے رہے ہیں۔
پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی کیوں کہ قتل کا ملزم اور اس کے اہل خانہ گھر کو تالا لگا کر روپوش ہو گئے ہیں اور انھیں کی تلاش کیا جا رہا ہے۔
تھانہ اربن ایریا میں درج مقتول حسنین علی کے والد ساجد علی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق میثم شاہ نامی نوجوان جو کہ حسنین کا کلاس فیلو ہے، نے منگل کی دوپہر واٹس ایپ پر کال کر کے حسنین کو گھر سے بلایا۔ ’کچھ دور لے جا کر اس پر پستول تان لی اور دو فائر کیے۔ پہلی گولی گھر کے دروازے پر لگی دوسری گولی حسنین کے سر میں سوراخ کرتے ہوئے نکل گئی۔ اس واقعے کو علاقے کے لوگوں نے دیکھا ہے۔‘
عینی شاہدین کے مطابق دونوں دوستوں کی عمریں چودہ سے پندرہ سال کے قریب ہیں اور ان کی اکثر ٹک ٹاک ویڈیو اکھٹی بنتی تھیں اور یہ دوستوں کے ساتھ شیئر کرتے تھے۔

شیئر: