الجوف: مقامی و عالمی پھلوں کی پیداوار کا زرخیز خطہ
الجوف: مقامی و عالمی پھلوں کی پیداوار کا زرخیز خطہ
اتوار 1 ستمبر 2024 16:26
یہاں افزائش پانے والے پھلدار درختوں کی بیرون ملک مانگ بڑھ رہی ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے شمال میں واقع زرخیز علاقے الجوف ریجن میں کسان ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ درختوں سے مختلف اقسام کے پھل اتارتے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الجوف کے پھل اپنے غیر معمولی معیار اور ذائقے کے لیے مشہور ہیں جس سے علاقے کی ’فروٹ باسکٹ‘ کی ساکھ میں اضافہ ہوتا ہے۔
مملکت میں مویشیوں کی بیماریوں کی روک تھام اور فصلوں کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کے قومی مرکز کے اعدادوشمار کے مطابق یہ علاقہ اپنی زرخیز زمین کے لحاظ سے جانا جاتا ہے۔
یہ خطہ کھجور کے 816000 درختوں اور 13 لاکھ سے زیادہ دیگر پھل دار درختوں کا شاندار ذخیرہ ہے۔
علاقے میں موجود فروٹ فارمز سے سالانہ 170000 ٹن پھل حاصل کئے جاتے ہیں جو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی میوہ منڈیوں میں فروخت کے لیے ایکسپورٹ کئے جاتے ہیں۔
علاقائی پھلوں کی متعدد اقسام مملکت کی غذائی تحفظ میں معاون ہیں اور فارم ہاؤسز صارفین کو اعلیٰ معیار کی قدرتی نعمتیں مہیا کرتی ہے۔
الجوف میں سال بھر مختلف قسم کے پھل پک کر تیار ہوتے ہیں تاہم مئی سے دسمبر کے درمیان پھلوں کی فصل عروج پر ہوتی ہیں۔
الجوف میں پیدا ہونے والے پھلوں میں کھجور، زیتون اور دیگر پھلوں میں انجیر، انگور، آڑو، خوبانی، لیموں، نارنجی، کینو، سیب، ناشپاتی، تربوز، بیر، انار اور بلو بیریز شامل ہیں۔
پھلوں کی کاشت کے لیے موافق ماحول کے باعث الجوف کے علاقے طبرجل میں تازہ پانی تک رسائی کی بدولت یہاں پستہ اور بادام کی فارمنگ بھی کی جا رہی ہے۔
الجوف میں مختلف اقسام کے غیر مقامی پھلوں کی کامیاب کاشتکاری سے علاقے کے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، وہ درآمد کئے جانے والے اناناس اور دیگر خاص پھلوں کے ساتھ موازنہ کر سکتے ہیں۔
الجوف کے علاقے میں افزائش پانے والے پھلدار درختوں کی بیرون ملک مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور متعدد اقسام کے پھلدار درخت باقاعدگی سے برآمد کئے جا رہے ہیں۔
علاقے میں پائیدار زرعی دیہی ترقی کے پروگراموں کے ذریعے وزارت زراعت ،ماحولیات و پانی مخصوص پھلوں کی اقسام کاشت کرنے میں کسانوں کی معاونت کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں یہاں موجود حکومتی ادارے اور پرائیویٹ آرگنائزیشنز کسانوں اور کاروباری افراد کے لیے زرعی پیداوار، پھلوں کی کاشت اور پروسیسنگ کی صنعتوں میں تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرتی ہیں۔
مملکت کا زرخیز ترین خطہ الجوف علاقے کی قدرتی خوبصورتی، معتدل موسم اور تاریخی مقامات اور پھلوں کے بڑے بڑے فارم ہاؤسز کی وجہ سے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں