بریدہ کھجور میلہ: نوجوانوں کو کاروبار میں بااختیار بنانے کا نادر موقع
بریدہ کھجور میلہ: نوجوانوں کو کاروبار میں بااختیار بنانے کا نادر موقع
اتوار 1 ستمبر 2024 22:25
مقامی نوجوان فجر سے قبل کھجوروں کی نیلامی میں شرکت کرتے ہیں۔ فوٹو واس
قصیم کے علاقے میں مقامی نوجوانوں کے لیے بریدہ کھجور میلے میں بااختیار تجارت سے منسلک ہو کر روزگار کے وسیع اور بہترین مواقع موجود ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق بریدہ کے نوجوان مقامی باغوں سے کھجوریں خرید رہے ہیں یا کسانوں کے ساتھ مخصوص مدت کے لیے کھجور کے باغات کی دیکھ بھال کے معاہدے کر رہے ہیں۔
مقامی نوجوان دکانوں یا آن لائن ری سیل کے لیے بریدہ کی منڈی سے فجر کے اوقات سے قبل کھجوریں خریدنے کی نیلامی میں بھی شرکت کرتے ہیں۔
بریدہ میں لگنے والا کھجور میلہ کاروبار کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے اہم اقتصادی موقع ہے، جو آمدنی میں اضافے اور خود کفالت کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
مارکیٹ میں لگائی جانے والی بولی میں ہر روز تقریبا 50 اقسام کی کھجوریں پیش کی جاتی ہیں جو کھجور کے پیشے سے منسلک ہونے کے خواہش مند اکثر نوجوانوں کی اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔
بریدہ میں سجایا جانا والا یہ شاندار میلہ مملکت کی زرعی معیشت کی علامت ہے، جس سے روزگار کے ہزاروں مواقع کے ساتھ بریدہ میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔
مقامی نوجوان محمد الرمیان جو کھجور کے باغات کے ماہر ہیں انہوں نے بتایا ہے ’بریدہ میں کھجور کا موسم مقامی نوجوانوں کے لیے پیسہ کمانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
محمد الرمیان نے مزید بتایا ’ درختوں سے اعلیٰ معیار کی کھجوریں حاصل کرنے کے لیے مناسب اور خصوصی نگہداشت کے ساتھ پانی اور کھاد ڈالنے کے مراحل پر توجہ کی بہت اہمیت ہے۔
کھجور کی تیار فصل کو درختوں سے اتار کر مارکیٹ لانے اور فروخت کرنے سے قبل درجہ بندی کے مطابق پیک کرنے کے لیے ترتیب دی جاتی ہے۔
کھجور میلہ نوجوان تاجروں کے لیے ضروری وسائل اور مدد فراہم کرتا ہے، جسے قصیم کے گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل بن سعود کی حمایت حاصل ہے۔
سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی کے زیر اہتمام اور کھجوروں کے قومی مرکز کی زیر نگرانی منڈی میں روزانہ کھجور سے لدی 1000 سے زیادہ گاڑیاں آتی ہیں۔
اس موقع پر سعودی خواتین بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں اور کھجور کی مارکیٹنگ، نگرانی اور دیگر ذمہ داریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔
بریدہ کھجو مارکیٹ کی اعلیٰ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل خالد النقیدان نے بتایا ’علاقائی ثقافتی تقریب نے مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع مہیا کئے ہیں جن میں نگران ٹیمیں، سیلز پوائنٹس، ریٹیل سٹورز، فارمز، ایکسپورٹ یارڈز کی دیگر ذمہ داریاں شامل ہیں۔‘
قصیم کا علاقہ سالانہ 390,000 ٹن سے زیادہ کھجوریں پیدا کرتا ہے اور مزید 20 لاکھ سے زیادہ درخت لگانے کا ارادہ ہے۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق غیر تیل آمدنی کو وسعت دینے میں یہ شعبہ انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
یکم اگست سے شروع ہونے والا 51 روزہ کھجور میلہ قصیم میں 11.2 ملین سے زیادہ کھجور کے درختوں کی پیداوار سنبھالتا ہے، میلے میں ستمبر سے شروع ہونے والے ثقافتی، سماجی اور تفریحی پروگرام بھی شامل کئے جاتے ہیں۔
2023 میں یہاں کھجور کی فروخت ڈھائی بلین ریال سے تجاوز کر گئی، جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ نوجوان کاروباری افراد کے لیے کھجور کی برآمدات میں بہترین مواقع مہیا کئے گئے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں