Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کے کڑے احتسابی نظام سے کوئی بھی فرد بالاتر اور مستثنیٰ نہیں: کور کمانڈر کانفرنس

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت منگل کو منعقد ہونے والے کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں سخت سائبر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔
 پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنا کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔‘
فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک مضبوط اور مؤثر قانونی نظام کی اہمیت کو اُجاگرکرتے ہوئے آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔‘
کانفرنس نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہدا افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا  میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔‘
فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فورم نے ملک خصوصاَ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سر گرمیوں اور اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔
پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشت گردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ فوج ایک منظم ادارہ ہے جسکے ہر فرد  کی پیشہ ورانہ مہارت  اور وفاداری  صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔‘
کورکمانڈر کانفرنس نے انڈیا کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے شہدا کو خراج ِعقیدت پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔‘
 

شیئر: