فلاڈیلفی راہداری جب تک محفوظ نہیں ہو جاتی، نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم نیتن یاہو
فلاڈیلفی راہداری جب تک محفوظ نہیں ہو جاتی، نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم نیتن یاہو
جمعرات 5 ستمبر 2024 6:14
وزیراعظم نیتن یاہو نے فلاڈیلفی راہداری سے اسرائیلی فوج کی واپسی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ مستقل جنگ بندی پر ایک ہی صورت میں آمادہ ہوں گے اگر جنوبی غزہ اور مصر کے درمیان سرحدی علاقے کو حماس کی بقا کے لیے نہ استعمال ہونے دیا جائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یروشلم میں پریس کانفرنس سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’جب تک ایسا نہیں ہو جاتا ہم وہیں موجود ہیں۔‘
نیتن یاہو نے معاہدے کے پہلے دور میں فلاڈیلفی کوریڈور سے فوجوں کی واپسی کے مطالبے کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی دباؤ کے باعث دوبارہ واپس جانا مشکل ہو جائے گا۔
مستقل جنگ بندی کے لیے اسرائیل نے گارنٹی مانگی ہے کہ جو بھی جنگ کے بعد غزہ کے انتظامات سنبھالے وہ اس راہداری کو حماس کے لیے ہتھیاروں اور سامان کی سمگلنگ کے راستے کے طور پر استعمال ہونے سے روک سکے۔
انہوں نے کہا کہ ’کسی کو وہاں موجود ہونے کی ضرورت ہے۔‘
نتین یاہو نے حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کا حوالہ دہتے ہوئے کہا کہ ’کسی کو بھی لے آئیں جو اصل میں ایسا کر کے دکھائے، صرف کاغذوں، الفاظوں، یا سلائیڈ پر ہی نہیں بلکہ ہر روز، ہر ہفتے، ہر مہینے کہ وہ اصل میں ایسا واقعہ دوبارہ نہیں رونما ہونے دیں گے۔‘
’ہم اس پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن مجھے فوری ایسا ہوتا نہیں دکھائی دے رہا۔‘
مصر کی سرحد سے متصل غزہ کی پٹی کے جنوبی کنارے کے ساتھ واقع فلاڈیلفی راہداری، غزہ میں لڑائی کو روکنے اور فلسطینی قیدیوں کے بدلے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے۔
نیتن یاہو نے راہداری پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے پر اصرار کیا ہے جہاں اسرائیل کے مطابق موجود سرنگیں حماس کو ہتھیار اور گولہ بارود کی فراہمی کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔
فلاڈیلفی راہداری کے معاملے پر وزیراعظم نیتن یاہو کو ملک میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے بشمول سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے جن کے خیال میں اسرائیلی فوجی ضرورت پڑنے پر مداخلت کر کے سمگلنگ کو روک سکتے ہیں۔
یرغمالیوں کے اہل خانہ نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے راہداری میں فوجیں رکھنے پر اصرار کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی قربانی دی ہے۔
تاہم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ غزہ سے 101 مغویوں کی واپسی کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ حماس پر دباؤ برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے کہا ’آپ کو باقی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ان پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ لہذا اگر آپ یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو فلاڈیلفی کوریڈور کو کنٹرول کرنا ہوگا۔