پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ایئر پورٹس سے کون سی اشیاء ضبط کیں؟
پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ایئر پورٹس سے کون سی اشیاء ضبط کیں؟
منگل 17 ستمبر 2024 11:44
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سالوں میں کراچی ایئر پورٹ سے مجموعی طور پر 5 ہزار 336 موبائل فونز ضبط کیے۔ فوٹو: اے ایف پی
ایئر پورٹس پر غیر قانونی اشیاء کی نقل و حرکت روکنے کے ذمہ دار ادارے پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر اربوں روپے مالیت کی غیر قانونی اشیاء ضبط کی ہیں۔
ان اشیاء میں غیر قانونی کرنسی، موبائل فونز، سونا، چاندی، ہیرے اور دیگر جواہرات شامل ہیں۔
جبکہ کسٹمز کی جانب سے غیر قانونی سگریٹس، ادویات اور منشیات کی نقل و حرکت بھی ناکام بنائی گئی ہے۔
کسٹمز ایکٹ 1969 متعقلہ ادارے کو ایسی اشیاء ضبط کرنے کا قانونی اختیار دیتا ہے جس میں حراست، ضبطی اور فیصلہ سازی کی الگ تصریحات شامل ہیں۔
ضبط کی گئی اشیاء میں سے معیار پر پورا اترنے والے سامان کی نیلامی کی جاتی ہے جبکہ نیلامی کے لیے غیر مجاز سامان کو ضائع کر دیا جاتا ہے۔ تاہم کسی بھی مسافر کی جانب سے ٹیکس ادائیگی کی دستاویزات دکھانے پر ضبط کیا گیا پاکستان کسٹمز واپس لٹانے کا پابند ہے۔
گزشتہ پانچ سال میں کراچی ایئر پورٹ سے 5 ہزار 336 موبائل فونز ضبط
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سالوں میں کراچی ایئر پورٹ سے مجموعی طور پر 5 ہزار 336 موبائل فونز ضبط کیے۔ سال 2019-20 کے دوران کراچی ایئر پورٹ سے 1،219 سمگل شدہ موبائل فونز ضبط ہوئے جبکہ 2021 میں ایسے موبائل فونز کی تعداد 1،120 ہے۔
اسی طرح سال 2021-22 کےدوران پاکستان کسٹمز نے 615 موبائل فونز کو اپنی تحویل میں لیا۔ 2022 میں ضبط کیے گئے موبائل فونز کی تعداد 1،289 ہے جبکہ گزشتہ سال کسٹمز حکام نے 1،093 موبائل ضبط کیے ہیں۔
کراچی ایئر پورٹ پر 34 کروڑ 70 لاکھ 80 ہزار سے زائد مالیت کی کرنسی ضبط ہوئی
اُردو نیوز کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کراچی ایئر پورٹ پر 34 کروڑ 70 لاکھ 80 ہزار سے زائد مالیت کی کرنسی پکڑی گئی۔ سال 2019-20 کے دوران کسٹمز کی جانب سے 2 لاکھ 69 ہزار امریکی ڈالرز کے برابر کرنسی ضبط کی گئی۔
سال 2020 میں 1 لاکھ 36 ہزار 821 جبکہ 2021 میں 8 لاکھ 12 ہزار 399 امریکی ڈالرز کے برابر غیر قانونی کرنسی پکڑی گئی۔
سال 2022-23 کے دوران ضبط کی گئی کرنسی کی مالیت 3 لاکھ 53 ہزار 716امریکی ڈالرز بنتی ہے۔ گزشتہ سال 2 لاکھ 2 ہزار 331 امریکی مالیت کے برابر کرنسی کی نقل و حرکت ناکام بنائی گئی۔
پاکستان کسٹمز کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ پانچ سال کے عرصہ میں21 کروڑ 44 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کا سمگل شدہ سونا قبضے میں لیا گیا ہے۔ جبکہ 1 کروڑ 40 لاکھ 83 ہزار روپے کی مالیت کے ہیرے ضبط کیے گئے۔ پانچ سالوں میں ضبط کی گئی غیر قانونی چاندی کی مالیت 51 لاکھ 19 ہزار روپے بنتی ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر 5 ہزار 748 غیر قانونی موبائل فونز قبضے میں لیے گئے
اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کسٹمز کی جانب سے ضبط کیے گئے موبائل فونز کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق سال 2019-20 کے دوران 1،384غیر قانونی موبائل فونز پکڑے گئے جبکہ سال 2020 میں ایسے موبائل فونز کی تعداد 480 بنتی ہے۔
اس کے علاوہ سال2021-22 کے دوران پاکستان کسٹمز نے 1994 غیر قانونی موبائل فون اپنے قبضے میں لیے۔ سال 2022 میں 1159 اور گزشتہ سال731 موبائل فونز کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ سے 42 کروڑ سے زائد مالیتی غیر کرنسی کی سمگلنگ ناکام
سرکاری اعداد و شمار میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے مجموعی طور پر 42 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی کرنسی کی نقل و حرکت کو ناکام بنایا گیا ہے۔
ضبط کی گئی کرنسی کی امریکی ڈالرز میں بتائی گئی مالیت کے مطابق 2019-20 کے دوران 2 لاکھ 94 ہزار سے زائد امریکی ڈالرز کے برابر غیر قانونی کرنسی ضبط کی گئی۔
2020 میں 2 لاکھ 61 ہزار اور سال 2021 کے دوران 4 لاکھ 10 ہزار 500 امریکی ڈالرز کے برابر کرنسی پکڑی گئی۔
مذید برآں سال 2022-23 کے دوران قبضے میں لی گئی غیر قانونی کرنسی کی مالیت 3 لاکھ 82 ہزار 360 ڈالرز بنتی ہے جبکہ گزشتہ سال 1 لاکھ 88 ہزار ڈالر مالیتی کرنسی پاکستان کسٹمز نے اپنی تحویل میں لی ہے۔
اس کے علاوہ کسٹمز نے اسلام آباد ایئر پورٹ سے 11 کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار روپے مالیت کا غیر قانونی سونا بھی اپنی تحویل میں لیا ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ضبط کی گئی غیر قانونی چاندی کی مالیت اڑھائی لاکھ اور ہیروں کی قیمت 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پشاور ایئر پورٹ سے 3،607 موبائل فونز کی سمگلنگ کو ناکام بنایا گیا
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے گزشتہ پانچ سال کے دوران پشاور ایئر پورٹ پر 3،607 موبائل فونز ضبط کیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2020-21 کے دوران 595 2022 میں 1552 جبکہ سال 2023 کے دوران 1178 موبائل فون کی سمگلنگ ناکام بنائی گئی۔ گزشتہ سال ایئر پورٹ پر پکڑے گئے موبائل فونز کی تعداد 273 بتائی گئی ہے۔
پشاور ایئر پورٹ سے 25 کروڑ 46 لاکھ 70 ہزار روپے کی کرنسی ضبط کی گئی
پاکستان کسٹمز نے اپنے اعداد و شمار میں پشاور ایئر پورٹ سے ضبط کی گئی غیر قانونی کرنسی کی مالیت کے بارے میں بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 25 کروڑ 46 لاکھ 70 ہزار روپے کی غیر قانونی کرنسی ضبط کی گئی۔
اس کرنسی کی امریکی ڈالرز میں بتائی گئی قیمت کے مطابق سال 2020 میں دو لاکھ ڈالرز کی غیر قانونی کرنسی پکڑی گئی۔2021 کے دوران غیر قانونی کرنسی کی امریکی ڈالرز میں مالیت 2 لاکھ 39 ہزار 420 بنتی ہے جبکہ سال 2022 میں 5 لاکھ 20 ہزار 599 اور گزشتہ سال 2 لاکھ 76 ہزار 363 ڈالرز کی غیر قانونی کرنسی ضبط کی گئی ہے۔
اس کے علاہ پشاور ایئر پورٹ سے پانچ سال کے دون 26 کروڑ 90 لکھ روپے کا غیر قانونی سونا قبضے میں لیا گیا۔
گزشتہ پانچ سال کے عرصہ میں ملتان انٹرنیشنل ایئر ایئر پورٹ سے 262 موبائل فونز ضبط کیے گئے۔ کسٹمز کی دستاویزات میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 78 لاکھ روپے مالیتی غیر قانونی کرنسی کی منتقلی ناکام بنائی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کسٹمز حکام نے 18 لاکھ روپے کی مالیت کا سمگل شدہ سونا بھی اپنی تحویل میں لیا ہے۔