کراچی ایئرپورٹ: کسٹمز نے 19 کروڑ روپے کے سونے کی سمگلنگ ناکام بنا دی
کراچی ایئرپورٹ: کسٹمز نے 19 کروڑ روپے کے سونے کی سمگلنگ ناکام بنا دی
جمعرات 2 مئی 2024 15:33
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ترجمان محکمہ کسٹمز سید عرفان علی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ساڑھے نو کلو سونے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں۔ (فوٹو: محکمہ کسٹمز)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محکمہ کسٹمز نے 19 کروڑ روپے مالیت کے سونے کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کلیکٹریٹ آف کسٹمز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ رات کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے ایک بڑی سونے کی کھیپ بیرون ملک سملگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محکمہ کسٹمز نے خفیہ اطلاع ملنے پر شام سے ہی پاکستان سے بیرون ممالک جانے والی پروازوں پر کڑی نگرانی شروع کر دی۔ نارمل چینل اور گرین چینل کو مانیٹر کیا جانے لگا، سادہ لباس میں ملبوس کسٹمز کے نمائندے بیرون ملک روانگی کے ٹرمینل پر الرٹ رہے اور مسافروں کی نقل و حرکت کو جانچنے لگے۔
شام ہوتے ہی بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ تیز ہونے لگا، خلیجی ممالک سمیت مختلف ممالک سے پروازیں کراچی پہنچنے لگیں اور کراچی سے دیگر ممالک سفر کرنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر رش بڑھنے لگا۔
کسٹمز کے اہلکار ایک ایک پرواز کی آمد اور روانگی پر نظر رکھتے ہوئے بیرون ملک روانگی کے سکیننگ پوائنٹ، انٹری پوائنٹ، بورڈنگ کاونٹرز اور امیگریشن کاونٹر سمیت دیگر مقامات پر موجود رہے۔
ترجمان محکمہ کسٹمز کا کہنا تھا کہ کراچی سے بـڑی تعداد میں لوگوں کی بیرون ممالک روانگی کے موقع پر کسٹمز کے عملے کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا، کیونکہ پاکستان سے بیشتر باہر جانے والے خاندان عمرے کی ادائیگی کے لیے مختلف پروازوں کے ذریعے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ایسے میں انٹرنیشنل روانگی کے مرکزی دروازے کے پاس کسٹمز اہلکار کو ایک فیملی مشکوک نقل و حرکت کرتی نظر آئی۔
کراچی سے براستہ دبئی اور وہاں سے جنوبی افریقہ جانے والی ایک پرواز میں پانچ خواتین اور ایک مرد کی نقل و حرکت پر محکمہ کسٹمز کا عملہ حرکت میں آیا۔ انٹرنیشنل ٹرمنل پر موجود سادہ لباس میں موجود اہلکاروں نے کنڑول روم کو اطلاع دی کہ چھ افراد پر مشتمل ایک فیملی مشکوک معلوم ہوتی ہے۔
کنڑول روم میں موجود عملے نے فیملی کو مانیٹر کرنا شروع کیا، پہلے دروازے سے لاونچ میں داخل ہونے کے بعد ان مشکوک افراد سے مزید پوچھ گچھ کے لیے انہیں علیحدہ کیا گیا اور ان کے سامان کی تلاشی لی گئی۔
سامان کی تلاشی لینے پر ان سے بھاری مقدار میں سونا برآمد ہوا، جو غیرقانونی طور پر پاکستان سے جنوبی افریقہ لے جایا جا رہا تھا۔
ترجمان محکمہ کسٹمز سید عرفان علی نے سامان کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ساڑھے نو کلو سونے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت تقریباً 19 کروڑ روپے ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو غیرقانونی طور پر سونا باہر لے جانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں پانچ خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ ملزمان جنوبی افریقہ کی شہریت رکھتے ہیں۔ ابتدائی معلومات میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اپنا کاروبار کرتے ہیں۔ ملزمان غیرملکی پاسپورٹ پر ہی سفر کررہے تھے۔
ایئرپورٹ پر سمگلنگ کو ناکام بنانے والے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ فیصل خان کے مطابق اعلٰی افسران کی ہدایت پر اور احکامات کی روشنی میں ایئرپورٹ پر عملے کو الرٹ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر بین الاقوامی ڈیپارچر لاؤنج پر تعینات عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان نے انتہائی مہارت سے سونے کو اپنے سامان میں چھپایا تھا۔ گروپ میں پانچ خواتین موجود تھیں۔ سونے کو خواتین کے معمول میں پہننے والے زیورات کی شکل میں ڈھالا گیا تھا۔ ملزمان کے سامان میں چوڑیاں، کنگن، بریسلیٹ، چین اور سکوں کی صورت میں موجود تقریباً ساڑھے آٹھ سو تولے سونا تھا۔
واضح رہے کہ یہ خواتین کے ذریعے سمگلنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سمگلنگ کے لیے خواتین کو استعمال کر چکے ہیں۔ گذشتہ برس دو مختلف واقعات میں محکمہ کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے چھ افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں چار خواتین شامل تھیں۔ سمگلرز خواتین کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کے الیکٹرانک آئٹمز غیرقانونی طریقے سے پاکستان لانے کی کوشش کر رہے تھے۔