Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے کون سے ایئرپورٹ اگست کے دوران کارکردگی میں سرفہرست رہے

جدہ ایئرپورٹ پابندی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔ (فوٹو سبق)
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے جمعے کو اگست 2024 میں مملکت کے انٹرنیشنل  اور ڈومیسٹک ایئرپورٹس کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے۔
سبق ویب  کے مطابق سول ایوی ایشن نے  ایئرپورٹس کی کارکردگی کی پیمائش کے لیے 11 بنیادی ضابطے مقرر کیے ہیں جس کا مقصد مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات  اور مسافروں کے تجربات کو بہتر بنانا ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، الاحساء انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور القریات ایئرپورٹ نے مختلف کیٹگریز میں اگست کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
 مملکت کے ایئرپورٹس کو پانچ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا جس میں سالانہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد مسافروں والے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کیٹگری میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 82 فیصد کمٹمنٹ شرح کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جدہ  کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 82 فیصد کمٹمنٹ ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے معیار کے حوالے سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی دوسری کیٹگری جو سالانہ 5 سے 15 ملین مسافروں پر مشتمل ہے۔ مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 91 فیصد کے ساتھ پہلے جبکہ دمام کا کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سول ایوی ایشن کے معیار کی 82 فیصد پابندی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
 تیسری کیٹگری میں جہاں سالانہ مسافروں کی تعداد 2 سے 5 ملین کی ہے۔ ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ 100 فیصد معیار کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ جیزان کا  شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 100 فیصد کمٹمنٹ ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ ابھا کے ایئرپورٹ نے ایوی ایشن کے معیار کے حوالے سے جیزان ایئرپورٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
 چوتھی کیٹگری جہاں ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ مسافر آتے ہیں۔ الاحسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آمد و روانگی کے کل انتظار کے وقت میں دیگر ایئرپورٹس کو پیچھے چھوڑ دیا اس ایئرپورٹ نے اپنی کیٹگری میں 100 فیصد معیار کی شرح پوری کی  اور سرفہرست رہا۔
سول ایوی ایشن کی پانچویں کیٹگری ڈومیسٹک ایئرپورٹس کی ہے جس میں القریات ایئرپورٹ نے 100 فیصد کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے ایئرپورٹس کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے 11 معیار مقرر کیے ہیں جس میں سفر کے طریقہ کار، انتظار کا وقت اور  دیگر بین الاقوامی طریقہ کار کے معیار مقرر ہیں۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: