Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائی کمپنیوں سے مسافروں کو سب سے زیادہ شکایات کیا رہیں؟

کنگ خالد ایئرپورٹ پر شکایات کی شرح ایک لاکھ مسافروں پر 0.4 فیصد رہی۔  (فوٹو عاجل)
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے مطابق جولائی  میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے شکایات سب سے کم رہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جنرل اتھارٹی نے ایئرٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والوں اور ایئرپورٹس کے لیے کلاسیفیکیشن انڈیکس جاری کیا ہے تاکہ مسافروں کو ان کی کارکردگی سے آگاہ کیا جاسکے۔
 رپورٹ کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 60 لاکھ سالانہ مسافروں کو خدمات فراہم کرنے کے باوجود شکایت کی شرح ایک لاکھ مسافروں پر 0.4 فیصد رہی۔ 
 60 لاکھ سے کم سالانہ مسافروں کے حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرشکایت کی شرح فی لاکھ مسافروں میں ایک فیصد اور شکایت کے حل کی شرح سو فیصد رہی۔
ڈومیسٹک ایئرپورٹس میں بیشہ ایئرپورٹ کی شکایات کی شرح سب سے کم رہی۔ یہاں فی لاکھ مسافروں پر شکایات کی شرح 3 فیصد جبکہ ان کے حل کی شرح 100 فیصد رہی۔
سعودی جنرل اتھارٹی نے جولائی کے لیے ایئرلائنز کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سعودی فضائی کمپنیوں کےخلاف مسافروں کی جانب سے  1422 شکایات درج کرائی گئیں۔ ان میں سب سے کم شکایات سعودی ایئرلائنز (السعودیہ) کی تھیں۔ ایک لاکھ مسافروں میں یہ تعداد 25 رہی۔ شکایات کے ازالے  کی شرح 100 فیصد تھی۔
دوسرے نمبر پر فلائی ناس رہی فی لاکھ مسافروں پر27 شکایات اور حل کی شرح 100 فیصد رہی۔ تیسرے نمبر پر فلائی اے ڈیل میں ایک لاکھ مسافروں پر 34 شکایات اور ان کے ازالے  کی شرح 99  فیصد رہی۔
اتھارٹی نے رپورٹ میں بتایا کہ جولائی میں سب سے زیادہ شکایات سامان، پروازوں اور ٹکٹوں کے بارے میں تھیں۔
سعودی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے ماہانہ درجہ بندی رپورٹ کا مقصد مسافروں کو باخبر انتخاب کرنے میں مدد، شفافیت کو فروغ دینا،مسافروں کی شکایات سے نمٹنے کے لیے اپنی ساکھ اور دلچسپی کا مظاہرہ کرنے ، منصفانہ مسابقت کو فروغ  اور خدمات کو ترقی دینا اور بہتر بناناہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: