Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈی آئی خان: کلاس فور کی 80 آسامیاں، 15 پی ایچ ڈی اور 60 ایم فل نوجوان بھی امیدوار

فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے کہ ایک پی ایچ ڈی سکالر نوجوان کلاس فور بن رہا ہے۔ (فوٹو: ایکس)
خیبر پختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے ضلع  ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ تعلیم میں کلاس فور کی 80 آسامیوں کے لیے 15 پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل امیدواروں نے درخواستیں جمع کی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے رکن صوبائی اسمبلی احسان اللہ نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس میں انکشاف کیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں کلاس فور کی  آسامیوں کے لیے پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز نے درخواستیں جمع کی ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی احسان اللہ نے اردو نیوزکو بتایا کہ محمکہ تعلیم میں کلاس فور کی 80 خالی آسامیوں کے لیے ہزاروں درخواستیں موصول ہوئیں۔
’کلاس فور کی اسامیوں کے لیے اپلائی کرنے والوں میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان بھی شامل ہیں جن میں 15 پی ایچ ڈی ہیں۔ درخواست گزاروں میں ایم فل ڈگری کے حامل نوجوان کی تعداد 60 سے زیادہ ہے۔‘
ایم پی اے احسان اللہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان وزیراعلی کا ضلع ہے مگر بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان کلاس فور کی نوکریوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔
’سفارش کلچر اور اقربا پروری کی وجہ سے ہمارے نوجوان رل گئے ہیں۔ حقدار کو حق نہیں ملتا اور جعلی ڈگری والوں کو افسر بنایا جاتا ہے۔‘
ایم پی اے احسان اللہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال بھی سب سے زیادہ خراب ہے۔

’بے روزگاری کا ذمہ وجہ پی ڈی ایم حکومت ہے‘

اس معاملے پر خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے تعلیم فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے کہ ایک پی ایچ ڈی سکالر نوجوان کلاس فور بن رہا ہے۔
’یہ مسئلہ صرف ہمارے صوبے میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے بہت سے پڑھے لکھے نوجوان خاکروب بننے پر مجبور ہوچکے ہیں۔‘

فیصل ترکئی کے مطابق محکمہ تعلیم میں ایٹا ٹیسٹ کے ذریعے بھرتیاں کی جارہی ہیں۔ (فوٹو: ایکس)

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسوں کی وجہ سے صوبے کی معاشی صورتحال ابتر  ہے۔
’پی ڈی ایم حکومت ذمہ دار ہے کیونکہ انہوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔‘
وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں نگران حکومت نے میرٹ کے خلاف بھرتیاں کرکے رہی سہی پوری کردی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میرٹ کے خلاف بھرتیوں سے مستحق نوجوان  نوکری سے محروم رہ جاتے ہیں پھر وہ مجبورآ کلاس فور کی نوکری کرتے ہیں۔
فیصل ترکئی کے مطابق محکمہ تعلیم میں ایٹا ٹیسٹ کے ذریعے بھرتیاں کی جارہی ہیں جن میں میرٹ کے مطابق بہت سے بے روزگار پڑے لکھے نوجوانوں کو نوکری دی جائے گی۔

شیئر: