دبئی میں چارسکیورٹی گارڈز کو تمغہ جرات سے نوازا گیا
گاڑی میں لگنے والی آگ پرقابو پانے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔(فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں چار سکیورٹی گارڈز کی مثالی کاوش پر تمغہ جرات سے نوازا گیا۔
سکیورٹی گارڈز نے ہمت اور معاملہ فہمی کا ثبوت دیتے ہوئے گاڑی میں لگنے والی آگ پرقابو پانے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں شیخ زاید شاہراہ پر واقع ایک ہوٹل کے باہر کھڑی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
سکیورٹی گارڈز نے گاڑی سے آگ کے شعلے بھڑکتے دیکھے تو کسی تاخیر کے بغیر اس کی اطلاع ہوٹل انتظامیہ کو دی۔
اسی دوران وہاں مزید تین سکیورٹی کارکن پہنچ گئے جنہوں نے متاثرہ گاڑی کی آگ بجھانے کی کارروائی میں بھرپور حصہ لیا بلکہ دیگر گاڑیوں کو بھی وہاں سے ہٹانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سکیورٹی گارڈز کے اس بہادرانہ اقدام پر ہوٹل انتظامیہ نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے حکومت دبئی کے ادارے ’سکیورٹی انڈسٹری ریگولیٹری ایجنسی‘ کو اس کارنامے سے مطلع کیا جس پر ایجنسی کی جانب سے مثالی خدمات پر انہیں تمغہ بہادری سے نوازا گیا۔