سعودی خلاباز ریانہ برناوی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج
سعودی خلاباز ریانہ برناوی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج
منگل 1 اکتوبر 2024 19:57
’ میرا یہ سفر تمام سعودیوں بلکہ پوری عرب دنیا کی نمائندگی کرتا ہے۔‘ فوٹو عرب نیوز
سعودی خلاباز ریانہ برناوی کو پہلی عرب خاتون خلاباز کے طور پر تسلیم کر کے ان کا نام گذشتہ روز پیر کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی خلاباز ریانہ برناوی Axiomمشن 2 کے خلابازوں کی ٹیم کا حصہ تھیں، یہ خلائی مشن 21 مئی 2023 کو فلوریڈا کے کیپ کینویرل خلائی اسٹشین سے روانہ ہوا تھا۔
اس خلائی مشن پر ریانہ برناوی کے ہمراہ ان کے سعودی ساتھی علی القرنی بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہونے والے جہاز پر سوار تھے۔
خلائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے پہلے پیغام میں ریانہ نے کہا تھا ’ میرا یہ سفر تمام سعودیوں بلکہ پوری عرب دنیا کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم ایک ایسا خواب حقیقت بنتا دیکھ رہے ہیں جو کبھی ناممکن لگتا تھا۔
سعودی خلا باز ریانہ برناوی اور علی القرنی مدار کا چکر لگانے والی پہلی عرب خاتون کے طور پر آئی ایس ایس میں آٹھ دن قیام کے بعد گذشتہ سال 31 مئی کو واپس آئی تھیں۔
خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران سعودی خلا باز نے مائیکرو گریویٹی پر 14 تحقیقی منصوبے مکمل کئے جن میں سے تین تجربات میں مملکت بھر کے 47 سکولوں کے 12000 طلباء سیٹلائٹ کے ذریعے شامل تھے۔
مشن کے دوران خلائی سٹشین پر کئے گئے کئی اہم تجربات سعودی خلابازی کے پروگرام کا حصہ تھے جن میں ریانہ برناوی نے مدافعتی خلیوں کے ردعمل کا مطالعہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ مائیکروگریوٹی حیاتیاتی عمل کو کیسے متاثر کرتی ہے۔
ریانہ برناوی نے نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کی اوٹاگو یونیورسٹی سے کینسر کے شعبے میں جینیاتی انجینئرنگ اور ٹشو ڈیولپمنٹ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں خدمات انجام دی ہیں۔
برناوی نے اپنے کیریئر کا آغاز سائنسی علوم کے تحقیق خاص طور پر کینسر کے اسٹیم سیل کے شعبے سے کیا۔
انہوں نے ریاض کی الفیصل یونیورسٹی سے بائیو میڈیکل سائنسز میں ماسٹرز ڈگری بھی حاصل کی ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے شہزادہ سلطان بن سلمان پہلے عرب خلاباز تھے جنہوں نے 1985 میں خلا کا سفر کیا ، ریانہ برناوی نے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پہلی سعودی خاتون خلا باز ہونے کی عالمی ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں