ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود نے بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کو سعودی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام دیا۔
ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قطر میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان اور وزیر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
واضح رہے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ کے تیسرے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ قطر کے دورے کے دوران خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت اور اس موقع پر متعدد ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ملاقاتوں میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔