Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر پر اسرائیل کے فضائی حملے

بیروت کے مضافات میں اسرائیلی فضائیہ نے گیارہ حملے کیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اُس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر کو ایک حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں لڑائی جاری ہے جبکہ اسرائیلی فضائیہ لبنان کے مختلف حصوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہی ہے۔
حزب اللہ کے ایک قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے بیروت میں تنظیم کے مضبوظ گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں مسلسل گیارہ حملے کیے۔ یہ بیروت کے جنوبی علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے کی اسرائیلی بمباری کے دوران سب سے شدید حملہ تھا۔
دارالحکومت بیروت اور اس سے بھی دور بسنے والے عینی شاہدین کے مطابق دھماکے اس قدر زوردار تھے کہ گاڑیوں کے الارم بج اُٹھے اور عمارتیں لرز کر رہ گئیں۔
اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی علاقے حدث کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنا کا حکم دیا تھا جس کے بعد وہاں سے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ علاقے سے آگ کے گولے نما شعلے بلند ہوئے اور پھر دھویں کے سیاہ بادل اُٹھتے نظر آئے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) نے رپورٹ کیا کہ ’دس سے زائد مسلسل فضائی حملے کیے گئے جو اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑی کارروائی ہے جس میں بیروت کے مضافات کو نشانہ بنایا گیا۔‘
نیوز ایجنسی کے مطابق ان حملوں کی گونج بیروت سے باہر پہاڑی علاقوں میں سنائی دی۔
اس سے قبل جمعرات کی صبح اسرائیل کی فوج کے عربی زبان کے ترجمان آویچے آدرائی نے فوری وارننگ جاری کرتے ہوئے بیروت کے جنوب کے علاقے برج الباراجنہ کے نقشے کے ساتھ علاقہ مکینوں کو انخلا کے لیے کہا تھا۔
اس کے بعد حدث کے مکینوں کو بھی علاقہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے علاقہ مکینوں سے کہا کہ وہ ایسی جگہ پر ہیں جہاں حزب اللہ کے ٹھکانے ہیں اور اُن کے خلاف فوجی کارروائی کی جانی ہے۔

اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی علاقے حدث کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنا کا حکم دیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اس سے قبل شام کو حزب اللہ کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے بیروت ایئرپورٹ کے قریب ایک ویئر ہاؤس پر بم گرائے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ اس ویئر ہاؤس میں کیا تھا۔
علاقے میں حزب اللہ کے میڈیا ریلیشن کے دفتر کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اس کو پہلے ہی خالی کیا جا چکا تھا۔
رواں ہفتے اسرائیل کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے لبنان میں زمینی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ اس سے قبل اسرائیل کی بمباری سے لبنان میں ایک ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
گزشتہ ہفتے اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیروت کے مضافات میں گنجان آباد علاقے پر بمباری کر کے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: