Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردنی وزیر خارجہ اظہار یکجہتی کے لیے بیروت پہنچ گئے

لبنان پر اسرائیلی حملے کے بعد سے اردن کا ساتواں امدادی طیارہ پہنچا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
اردن کے  وزیر خارجہ ایمن الصفدی اردن کے امدادی طیارے میں سوار ہو کر یکجہتی کے طور پر لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’امدادی اشیا، 13 ٹن خوراک اور طبی سامان سے لدا یہ طیارہ جنگ کے آغاز کے بعد لبنان کے لیے بھیجا گیا ساتواں امدادی طیارہ ہے۔‘
وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ’یکجہتی کے دورے‘  کے دوران لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ملاقات کی اور بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اردن کی حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات کے دوران وزیر  خارجہ نے شدید اسرائیلی بمباری کے اثرات پر قابو پانے اور جنگ بندی کے حصول کے لیے ضروری امداد فراہم  کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اپنے دورے کے دوران لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ مصطفی بیری اور لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر جوزف عون سے بھی ملاقات کی۔

اردنی وزیر خارجہ نے لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ملاقات کی۔ فوٹو: عرب نیوز

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں کہا ہے ’اس کا (لبنان پر) فوری طور پر زمینی حملے کا کوئی منصوبہ نہیں لیکن اسرائیلی آرمی چیف کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اسرائیلی فوج سرحد پار کر سکتی ہے۔‘

شیئر: