جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں 233 قدیم عمارتوں کی بحالی کا کام مکمل
35 قدیم و تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام بھی مکمل کیا گیا ( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت ثقافت کے ذیلی منصوبے جدہ تاریخیہ کے تحت پہلے مرحلے کا تعمیراتی و اصلاحی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق پہلے مرحلے میں جدہ کے قدیم تاریخی علاقے البلد میں 233 قدیم عمارتیں جو انتہائی خستہ حال ہو چکی تھیں، کی از سرنو تعمیر و اصلاح کی گئی جبکہ 35 قدیم و تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔
تاریخی و قدیم علاقے کی بحالی کے حوالے سے سال 2021 میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ’جدہ کے قدیم علاقوں کی تجدید‘ کے عنوان سے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کی نگرانی وزارت ثقافت کو سونپی گئی۔
تجدید و اصلاح کے حوالے سے کیے جانے والے کاموں کے دوران 25 ہزار سے زائد قدیم نوادرات بھی ان مقامات سے دریافت ہوئے جنہیں وزارت ثقافت کی نگرانی میں دیا گیا۔
وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ ’دریافت ہونے والی قدیم اشیا میں سے بعض کا تعلق اسلام کے ابتدائی ادوار سے ہے جنہیں میوزیم میں رکھا گیا ہے‘۔
’ قدیم اشیا میں سب سے پرانی بلد کے علاقے میں حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ جامع مسجد سے تعلق رکھتی تھی جو ایک لکڑی کے ٹکرے پر کنندہ نقوش تھے جن کا تعلق پہلی سال ہجری سے ہے‘۔
دریں اثنا قدیم علاقے کو خوبصورت بنانے کے لیے 150 ہزار میٹر مربع سڑکوں کی تزئین و آرائش کی گئی جبکہ مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے۔
علاوہ ازیں علاقے کی خوبصورت کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد فوارے بھی نصب کیے گئے ہیں۔