Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ کا آخری دن، انگلش ٹیم پاکستان کو اننگز کی شکست سے دوچار کرنے کے قریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ملتان کے گرم موسم میں انگلش کھلاڑی پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دینے کے قریب ہیں۔
جمعے کو ملتان میں پہلے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ کو پاکستان کے تین کھلاڑی آؤٹ کرنے ہیں مگر سپنر ابرار احمد بخار کے باعث ہسپتال میں ہونے کی وجہ سے ممکنہ طور پر بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکیں گے۔
پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز سکور کرنے کے باجود پاکستان کو ممکنہ طور پر اننگز کی شکست کا سامنا ہے۔
چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 65 رنز درکار ہیں۔
انگلش ٹیم نے چوتھے روز کے دوسرے سیشن میں اپنی پہلی اننگز 823 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئرڈ کر دی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے ٹیسٹ میں تیز ترین ٹرپل سینچری سکور کی۔ انہوں نے جو روٹ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی 454 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔
روٹ ڈبل سینچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے اور اُس کے تین بلے بازوں نے سینچریاں سکور کی تھیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
شائقین کرکٹ اور ماہرین نے پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جہاں وہ بیٹنگ کے لیے انتہائی سازگار پچ پر بھی ناکام ہے۔

شیئر: