Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاجز پر چھاپہ، ہمارے سینیٹرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے: سردار اختر مینگل

مہربانو قریشی نے کہا کہ ان کی بھابھی کو نامعلوم نقاب پوشوں نے گھر کے قریب سے اٹھایا (فوٹو: ویڈیو گریب)
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کی ایک سینیٹر کو ان کے اپارٹمنٹ میں محصور کیا گیا ہے جبکہ دوسرے سینیٹر سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔
اختر جان مینگل نے بدھ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’اسلام آباد میں میرے لاجز پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ میری پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان کو ان کے اپارٹمنٹ میں محصور کر دیا گیا ہے جبکہ ان کا بیٹا حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اسی دوران میری پارٹی کے ایک سینیٹر قاسم رونجھو جو اسلام آباد میں صبح آٹھ بجے ڈایالیسز کے لیے گئے تھے۔ ان سے اور ان کے بیٹے سے بھی رابطہ نہیں ہو رہا۔ یہ جو کچھ دکھائئ دے رہا ہے،کیا یہی جمہوریت ہے۔‘
کوئی چھاپہ نہیں مارا، یہ سکیورٹی آڈٹ تھا: اسلام آباد پولیس
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بدھ کی رات ایک ایکس پوسٹ میں موقف اختیار کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں کوئی چھاپہ نہیں مارا گئا بلکہ یہ معمول کا سکیورٹی آڈٹ تھا۔
اسلام آباد پولس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایس سی او سمٹ کے حوالے سے سکیورٹی آڈٹ چل رہا ہے۔ متعدد ڈیلیگیٹس تاحال اسلام آباد میں موجود ہیں۔ اسی ضمن میں پولیس سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کے سکیورٹی خدشات کو دور کرتی ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں نہ کوئی ریڈ کیا گیا نہ کسی کو ہراساں کیا گیا بلکہ یہ روٹین کا سکیورٹی آڈٹ تھا۔‘

Caption

بیان کے مطابق ’کچھ سکیورٹی خدشات اور کمپلینٹس کے پیش نظر آٹھ 10 مقامات پر متعلقہ پولیس افسر دادرسی و تصدیق کے لیے گیا۔‘
میری بھابھی کو نقاب پوش افراد نے اٹھا لیا: مہربانو قریشی
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے بھی بدھ کی رات کہا کہ ان کی بھابھی کو نامعلوم افراد نے اٹھا لیا ہے۔
مہر بانو قریشی نے بدھ کی شب ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میری بھابھی اور زین قریشی کی اہلیہ کو ہمارے گھر کے قریب سے سادہ کپڑوں میں ملبوس نقاب پوش افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ دو گاڑیوں نے اس کی گاڑی کو روکا اور اسے زبردستی لے ساتھ اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پچھلے ڈیڑھ سال سے ہر طرح کی فسطائیت کے باوجود وہ ہمیں توڑنے میں ناکام رہے ہیں اور اب اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ میرا اور میرے خاندان کا اللہ پر ایمان اٹوٹ ہے۔ وہ ہمیں اور پاکستان کو اس فسطائیت سے ضرور نکالے گا۔‘

شیئر: