Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہمان نوازی کا شکریہ‘ انڈین وزیرخارجہ جے شنکر انڈیا واپس روانہ، دورۂ پاکستان کیسا رہا؟

انڈین وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد انڈیا روانہ ہو گئے ہیں۔ 
بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ڈاکٹر جے شنکر نے اپنی پوسٹ میں اسلام آباد سے واپس انڈیا روانگی کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
انڈین وزیر خارجہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’اسلام آباد سے واپس روانہ۔  وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ۔‘

واضح رہے انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر منگل کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے  شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں انڈیا کی نمائندگی کی۔ 

جے شنکر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پاکستان دورے کے دوران مصروفیات کی تفصیلات شیئر کرتے رہے جن میں ان کی اسلام آباد آمد پر استقبال اور ایس سی او کے دوران سائڈ لائن ملاقاتوں کی تصاویر بھی شامل تھی۔ 

جہاں انڈین وزیر خارجہ کا پاکستان دورہ دونوں ممالک کے لیے اہم گردانا جا رہا ہے وہیں جے شنکر کی آج صبح انڈین ہائی کمیشن میں مصروفیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
انٹرنیٹ پر وائرل ان تصاویر میں جے شنکر کو پاکستان میں موجود انڈین ہائی کمیشن کے اندر صبح کی سیر اور شجر کاری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

 
اپنی پوسٹ میں انہوں نے  لکھا ’ہائی کمیشن کیمپس میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مارننگ واک کرتے ہوئے‘ 
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے پلانٹ فار مدر کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارجُنا کا ایک پودا پاکستان میں موجود انڈین ہائی کمیشن میں‘۔

 

شیئر: